رحمت اللعالمین تعلیمی وظائف کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی: وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت

Mar 11, 2021 | 21:38

  رحمت اللعالمین تعلیمی وظائف کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔ وظائف سے سرکاری کالجوں اور یونیورسٹیوں کے علاوہ میڈیکل کالجوں اور نجی یونیورسٹیوں میں مستحق طلبہ بھی مستفید ہو سکیں گے۔ ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈیشن کے بعد یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے طالبات میں بی ایس بلاک قائم کیا جائے گا۔ لاہور میں مون سون کے دوران بارشی پانی کی نکاسی کے لیے ابتدائی طور پر زیادہ بہاؤ والے تین  مقامات پر زیر زمین ذخیرے تعمیر کیے جائیں گے۔نیشنل ایمونائزیشن پروگرام میں وسعت اور معیار میں بہتری کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے سیٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام متعارف کروائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے  وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے53ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ سیٹیزن فیڈ بیک پروگرام کو وزیراعلیٰ شکایات سیل اور چیف سیکرٹری آفس کے ساتھ منسلک کریں تاکہ فیڈ بیک  کی روشنی میں موثر اصلاحات عمل میں لائی جا سکیں۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری محمد جواد رفیق، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ سنبل، سیکرٹری فنانس افتخار علی ساہو اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے 25سے زائد ایجنڈے زیر بحث لائے گئے۔محکمہ ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ ایجوکیشن کو گوردوارہ پنجاب صاحب تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک میں سیوریج سسٹم اور لاہور میں بارشی پانی کی نکاسی کے لیے ذخیروں کی تعمیر کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو نیشنل امونائزیشن پروگرام  میں وسعت کے لیے فنڈز میں اضافے اور گجرات کے دیہات کوری یونین کونسل مری کھوکھراں میں دیہی ہیلتھ سینٹر کے قیام کی منظوری دی گئی۔

محکمہ سپیشلائز ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن کو کینسر کے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے لیے سی ایم ایل پروجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ محکمہ داخلہ کے تحت ڈیرہ غازی خان میں امن عامہ کی صورتحال میں بہتری کے لیے پولیس سٹیشنز اور چیک پوسٹس کی 8سکیموں کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شمولیت اور ایسی آئیز اور ایس آئی ایس کی 1130نشستوں کی منظوری لی گئی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پورٹل اورسرکاری اداروں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے قیام،ہائر ایجوکیشن کو رحمت اللعامین وظائف اور ملتان ایمرسن کالج کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

سرکاری افسران کو موبائل فونز اور سمز کی فراہمی کا ایجنڈہ پڑتال کے لیے محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سپرد کر دیا گیا۔بورڈ آف ریونیو کی جانب سے زرعی انکم ٹیکس کی وصولیوں کے لیے فیلڈ سٹاف کے لیے اضافی مراعات اوروسائل میں اضافے کے لیے واساز کے بزنس پلان کی منظوری کی درخواست نظر ثانی کے لیے کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبل لائزیشن کمیٹی کے سپرد کر دی گئی۔

مزیدخبریں