پارلیمنٹ لاجز : انصار الاسلام کے داضلے پر پولیس آپریشن 19، گرفتار

Mar 11, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار)  تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں واقع پارلیمنٹ لاجز میں انصار الاسلام فورس کے 60 سے زیادہ کارکنوں کے داخل ہونے کی اطلاع پر وفاقی پولیس حرکت میں آگئی۔ ایلیٹ فورس، پرزن وین بھاری نفری کے ہمراہ پارلیمنٹ لاجز منتقل کر دی گئیں۔ پولیس نے جے یو آئی کے ایم این اے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا گھیراؤ کرلیا۔ اس دوران پولیس اور منتخب نمائندوں کے درمیان شدید تلخی ہوگئی۔ پولیس نے انصار الاسلام کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا۔ اس دوران شدید دھکم پیل ہوئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز اویس احمد کی نگرانی میں انصار الاسلام فورس کے ارکان کے خلاف آپریشن کیا گیا اور جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے پارلیمنٹ لاجز میں موجود ورکرز کی گرفتاری شروع کردی جنہیں تھانے منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران پولیس ارکان قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی اور جمال دین کو بھی ساتھ لے گئی۔  آئی جی نے  سخت نوٹس لیتے ہوئے پارلیمنٹ لاجز کے انچارج انسپکٹر حق نواز، ایس ایس جی  کے لائن آفیسر سب انسپکٹر جاوید اختر کو معطل کر دیا ناکہ پریڈ ایونیو  کے انچارج ہیڈ کانسٹیبل سبطین حیدر، جبکہ کانسٹیبل فیصل خان، نویداور شہزاد کو بھی معطل کر دیا پولیس کے مطابق ان افسران و اہلکاروں کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز فیصل کامران معاملے کی تحقیقات کریں گے۔ آئی جی نے کارروائی کے فوری بعد جے یو آئی اور احتجاج شروع کر دیا۔ کارکنوں کو سڑکیں بلاک کرنے کی ہدایت کی۔ فضل الرحمان نے پارلیمنٹ لاجز میں اجلاس کی صدارت کی جو رات گئے جاری رہا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہمارے کارکنوں کو رہا کرے اور معافی مانگے۔ دوسری طرف جے یو آئی (ف) کے گرفتار کارکنوں کو تھانہ آبپارہ مشتعل کر دیا گیا جس پر کئی کارکنوں نے تھانہ آبپارہ کی طرف مارچ کرکے اس کا گھیراؤ کر لیا ڈی چوک بند کر دیا  گیا پارلیمنٹ لاجز کی طرف جانے والے راستے سیل کر دیئے گئے۔ جبکہ دیگر شہروں میں بھی جے یو آئی کا اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ حیدر آباد ‘ حب‘ خضدار‘ نواب شاہ  میں احتجاج جاری مانسہرہ‘ چار سدہ‘ لاہور‘ پشاور سمیت سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں احتجاج شروع ہو گیا اس کے علاوہ احتجاج کے پاس نیشنل ہائی وے‘ موٹرویز متعدد مقامات پر بند کر دی گئی ٹریفک بلاک  ہوگئی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا گیا دھاوا بولا گیا ہمارے رضا کار یہاں رضا کارانہ  پہنچے رضا کاروں کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا جس پر اعتراض کیا جا سکے مولانا فضل الرحمن نے تمام سیاسی کارکنوں مولانا راشد محمودی کی قیادت میں جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کی قیادت میں فومی شاہراہ پنوں عاقل پر دھرنا دیدیا۔ دھرنے کے باعث قومی شاہراہ بلاک ہو گئی جے یو آئی ف نے جیکب آباد میں ڈی سی چوک پر دھرنا دیدیا جس سے ٹریفک معطل کر دیا کارکنوں نے دو مختلف مقامات پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا جے یو آئی ف کے کارکنوں نے پریس کلب سکھر کے سامنے بھی دھرنا دیدیا جے یو آئی (ف)  کے کارکنوں نے ٹول پلازہ میر پور خاص پر احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کر دی ہزارہ  ایکسپریس وے  پر احتجاج کیا گیا کارکنوں نے احمپڑیاں مانسہرہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے ٹریفک کیلئے بند کر دیا کارکنوں نے کوئٹہ‘ کراچی‘ شاہراہ پر دھرنا گاڑیاں پھنس گئیں۔ مسلم ٹائون لاہور میں بھی جے یو آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔  پولیس نے آپریشن میں ایم این اے صلاح الدین ایوبی کو بھی گرفتار کر لیا اس دوران مولانا فضل الرحمان گرفتاری دینے کیلئے بھی پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے مولانا فضل الرحمن نے اپنے کارکنوں کو پارلیمنٹ پہنچنے کی کال دیدی مولانا فضل  الرحمن نے کہا کہ تمام کارکنان جلد از جلد پہنچ جائیں  اسلام آباد پولیس نے ارکان قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی اور جمال الدین کی گرفتاری سے انکار کر دیا ترجمان پولیس کے مطابق صلاح الدین ایوبی اور جمال الدین تھانہ آبپارہ میں ایس ایچ او کے کمرے میں موجود ہیں دونوں ارکان قومی اسمبلی تھانے سے نہ جانے پر بضد ہیں انہوں نے گرفتار پارٹی کارکنوں کی تھانے سے رہائی پر اصرار کیا ہے سابق صدر آصف  زرداری   نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے چھاپے اور بربریت اور پارلیمنٹ سے بدتمیزی کی شدید مذمت کی ہے۔صدر زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم دہشت گردی کا سہارا لے کر اراکین پارلیمنٹ کو ہراساں کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کے حملے کی مذمت کی ہے ،بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کا آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان گھبراگیا ہے، اراکین پارلیمان پر تشدد اور گرفتاریاں ناقابل برداشت ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پارلیمنٹ لاجز میںپولیس فورس کی کاروائی پر کہا ہے کہ ارکان پارلیمان کی رہائش گاہوں پر دھاوا غنڈہ گردی ہے، ارکان پارلیمنٹ پر پولیس تشدد، گرفتاری اور بدسلوکی انتہائی قابل مذمت ہے گرفتار ارکان کو فوری رہا کیا جائے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں ارکان قومی اسمبلی و سینٹ پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے حکومت کا یہ رویہ ملک و جمہوریت دونوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ ایم کیو ایم اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ منتخب اراکین اسمبلی پر پولیس تشدد پر تشویش‘ کیا آئین و قانون  منتخب نمائندوں سے ایسے سلوک کی اجازت دیتا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی گرتی حکومت کا آلہ کار بننے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی نے کہا ہے کہ آئی جی پولیس ایم این اے کو اغواء کرنے آیا تھا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس اہلکاروں کی طرف سے بولے جانے والے دھاوے کی شدید الفاظ میں مذمت اور پارلیمنٹ لاجز سے پولیس فورس کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ملک بھر کے کارکنوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چودھری منور انجم نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ملک بھر کے کارکنوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اگلے اعلان کا انتظار کریں۔ اپوزیشن نے واقعہ کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی ہے۔
پارلیمنٹ لاجز/ احتجاج 
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے، خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہے ناکام ہے ناکام ہے۔ میں ہر ایم این کو رینجرز، ایف سی اور گاڑی دینے کو تیار ہوں پھر نہ کہنا دس ایم این اے کم ہو گئے ہیں۔ ہم نے کسی ایم این اے کو گرفتار نہیں کیا۔ دونوں ارکان اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی اور جمال دین کو ہم نے گرفتار نہیں کیا۔ وہ اپنے شوق میں تھانے بیٹھے ہوئے ہیں۔ لیکن انصارالاسلام کے19 بندے ہم نے گرفتار کئے ہیں۔ 50 کپڑے بدل کر فرار ہوگئے ہیں جو میری طرح موٹے تھے وہ کپڑے نہیں بدل سکے ان سب کی شناخت کر رہے ہیں۔ پاکستان میں صرف دو افراد کو خطرہ ہے جن میں مولانا فضل الرحمن اور شیخ رشید کی جانوں کو خطرہ ہے جن پر پہلے ہی دو دو تین تین خود کش حملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پارلیمنٹ لاجز کے واقعہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن یاد رکھیں پاکستان اسلامی دنیا کا ایٹمی ملک ہے۔ فضل الرحمن صاحب قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔ پرائیویٹ ملیشیا کو قبول نہیں کرسکتے۔ آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے مولانا صلاح الدین ایوبی کے ساتھ گاڑیوں میں ان کو پارلیمنٹ لاجز داخل ہونے سے نہ روکنے پر پولیس اہلکاروں کی معطلی اچھا اقدام ہیں بلکہ ان سب کو چارج شیٹ ہونا چاہئے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے گرفتاری دی تو ہم انہیں کمپنی کی مشہوری کیلئے گرفتار نہیں کریں گے لیکن اگر قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو قانون انہیں ہاتھ میں لے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول آفس کھول دیا ہے۔ ہم 24 گھنٹے وزارت داخلہ میں ہوں گے۔ آج پارلیمنٹ لاجز میں انہوں نے خواتین کو بلا لیا، ایم این ایز کو بلا لیا۔ ساتھ ہی سیاست کرنے دوسری پارٹیاں آگئیں۔ میں نے کہا ہے کہ عدم اعتماد لانا آپ کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن یہ سمجھ گئے ہیں کہ یہ عمران خان کیلئے تحریک اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منہ اور مسور کی دال۔ جو بھی تشدد کرے گا کچل دیں گے۔ کھسیانی بلی کھمبا نوچے۔ اب ان کے پاس 172 بندے اکٹھے نہیں ہوسکے۔ پرائیویٹ ملیشیا انصارالاسلام کو پارلیمنٹ لاجز میں بھیجا۔ ہم نے19 گرفتار کرلئے ہیں۔ جو راستوں میں آنا چاہتے ہیں انہیں بھی گرفتار کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے روس اور دہشت گردی کے خلاف افغانستان میں امریکہ کا ساتھ دیا لیکن اب ہم یوکرین اور روس کی لڑائی میں غیر جانبدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو نے بھی ناصر باغ میں اعلان کیا تھا عدم اعتماد آپ کا آئینی قانونی حق ہے۔ سپیکر نے کب اجلاس بلانا ہے ابھی ان کے پاس سات دن ہیں۔ اپوزیشن نے ملک کو دو ماہ سے تذبذب کی فضا میں رکھا ہوا ہے۔ میرے مالک نے چاہا تو عمران سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لینا۔ او آئی سی کانفرنس ہونے والی ہے۔ پاک فوج کی 23 مارچ کو پریڈ ہے۔ بھارت کا ڈرون پاکستانی فضا میں آیا ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز پر جمیعت کے غنڈوں کا حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے اسلام آباد پولیس کو ان جتھوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ قانون کے مطابق ان غنڈوں اور سہولت کاروں سے نمٹا جائے گا۔ جے یو آئی کی مسلح ملیشیا کے ناظم کا ایک ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا اور لکھا کہ جے یو آئی کی مسلح ملیشیا کا ایک جتھا اسلام آباد پہنچ گیا ہے، پارلیمنٹ لاجز پر حملہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور یہ ایک باقاعدہ منصوبے کا حصہ ہے، جس کے پیچھے فضل الرحمن خود ہیں۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فضل الرحمن کی ڈنڈا بردار پرائیویٹ ملیشیا نے پارلیمنٹ لاجز پر چڑھائی کرکے خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی۔ جمعرات کو انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ لاجز میں نہ صرف اراکین اسمبلی رہتے ہیں بلکہ وہاں ان کی فیملیز بھی موجود ہوتی ہیں۔راولپنڈی اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ اپوزیشن کی سڑکوں کو بند کرنے کی کال پر فیض آباد، کچہری چوک،  ٹی کراس، سواں پل، کھنہ، بھارہ کہو، ترنول، چکری روڈ، لہتراڑ روڈ پر رات گئے نفری تعینات کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ پولیس نے ریڈ زون کا علاقہ بھی رات گئے سیل کرکے سکیورٹی اور گشت بڑھا دئیے ہیں۔ آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان نے اٹک، جہلم، چکوال اور راولپنڈی پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ داخلی راستوں کی کڑی نگرانی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ سری نگر ہائی وے بند کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں