اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجاب رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ کے بیجز کی تنصیب کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان کا دورہ کیا۔ پاک اداروںکے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پنجاب رجمنٹل سنٹر آمد پر یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف نے پنجاب رجمنٹ کے 21ویں کرنل کمانڈنٹ کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان کے کندھوں پر رینک کے بیجز لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے امن اور جنگ کے دوران پنجاب رجمنٹ کے تمام رینک کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ان کی عظیم قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے پنجاب رجمنٹ کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کے حوصلے اور اعلی ترین معیار کو سراہا اور جدید ترین رجحانات کے مطابق پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں سبقت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔