لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں اور اس کی ذمہ دار نہ اپوزیشن ہے اور نہ کوئی ملکی یا غیر ملکی سازش۔ ٹویٹ میں انہوں نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ غصہ‘ اشتعال‘ دھمکیاں‘ گالیاں‘ زبان درازی‘ گھبرا گئے ہونا!۔ تم نے پاکستان کو تباہی و بربادی کے گڑھے میں پھینک دیا۔ چاروں طرف غربت‘ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ بدامنی‘ دہشتگردی کا راج ہے۔ قوم تمہاری نااہلیت‘ جہالت اور کھلنڈرے پن کی بہت قیمت ادا کرچکی ہے مزید کی کوئی گنجائش نہیں۔ اپنی ناکامیوں کا الزام اپوزیشن کو دو نہ دوسرے ممالک کو۔ سازش کا واویلا کرکے تم قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ جس شخص کو تاریخ کا علم ہو نہ جغرافیہ کا‘ جسے خارجہ پالیسی کا پتہ ہو نہ سفارتی تعلقات کا‘ جسے حکومت چلانا آتا ہو نہ عوام کے مسائل حل کرنا‘ وہ وہی کچھ کر سکتا تھا جو تم نے پونے چار سالوں میں کیا۔ تمہارا کارنامہ یہ ہے کہ تم نے پاکستان کو اندرونی طور پر تباہ و برباد اور بیرونی طور پر تنہا کر دیا ہے۔ دنیا میں ہمارے دشمنوں کیلئے تم سے بہتر کون ہوگا۔ انجام دیکھ کر گھبراؤ نہیں۔ ڈرامہ بازی بند کرو۔ یہ دن تو آنا ہی تھا۔ آنکھیں کھول کے دیکھو‘ تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں اور اس کی ذمہ داری نااپوزیشن ہے اور نا کوئی ملکی یا غیر ملکی سازش۔ اس کے ذمہ دار آپ خود ہیں۔ آپ کی گندی زبان ہے۔ آپ کا تکبر اور غرور ہے اور اپنے ممبران کو احترام نہ دنیا ہے۔ اب بہت دیر ہو چکی آپ کی خالی دھمکیاں اب کسی کام کی نہیں۔
مریم نواز