گوادر (بیورورپورٹ) حق دو تحریک غیر قانونی ٹرالرنگ کے خلاف 17 مارچ کو ہر صورت گوادر پورٹ کو بند کریگی، غیرقانونی ٹرالرنگ کے خاتمہ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، آرگنائزر حق دوتحریک گوادر شریف میانداد اور ڈپٹی آرگنائزر ماجد جوہر نے ماہی گیروں کی قدیم بستی ڈھوریہ میں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بظاہر ماہی گیروں کے حقوق پر چند روز قبل موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی تھی لیکن ریلی کا ہدف حق دو تحریک رہا اور الزام تراشی کی گئی کہ حقوق دوتحریک ماہی گیروں کو ورغلا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ یہ حق دو تحریک کے احتجاج کا ثمر ہے کہ آج گوادر کے ماہی گیروں کو سمندر میں آنے اور جانے کے لئے کسی بھی قسم کے ٹائم ٹیبل سے مستشنی قرار دیا گیا ہے ۔ دریں اثناء قائد حق دو تحریک بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے امان جمعہ، حاجی نوربخش، ناصر عبدی کی سربراہی میں بارڈر پر کاروباری شخصیات اور گاڑی مالکان نے ملاقات کی۔ملاقات میں وفد نے بارڈر پر چھوٹی گاڑیوں اور بڑی گاڑیوں سے متعلق کچھ خدشات و تحفظات کا اظہار کیا اور قائد تحریک کی سربراہی میں وفد نے اے ڈی سی گوادر اور ڈی آئی جی گوادر سے بھی اس مسئلے پر ملاقات کی اور گاڑی مالکان کے خدشات پر بات چیت کی. اعلیٰ حکام نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔