آئی سی سی نے راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو غیرمعیاری قرار دے دیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی وکٹ کو غیرمعیاری قرار دے دیا ہے۔ آئی سی سی میچ ریفری  رنجن مدوگالینے راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کو اوسط درجے سے کمتر قرار دیا جس کے بعد اس ٹیسٹ سینٹر کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔اس حوالے سے میچ ریفری رنجن مدوگالے نے کہا کہ ٹیسٹ کے پانچ دن کے دوران وکٹ کا طرز عمل بالکل بھی تبدیل نہیں ہوا اور باؤنس قدرے کم رہنے کے باوجود وکٹ کہیں سے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وکٹ میں فاسٹ باؤلرز کے لیے کوئی تیزی یا باؤنس نہیں تھا اور نہ ہی اس نے میچ میں اسپنرز کو کسی قسم کی معاونت فراہم کی۔ان کا کہنا تھا کہ وکت نے بلے اور گیند کے درمیان کسی قسم کی مسابقت قائم نہ ہونے دی لہٰذا  آئی سی سی کی ہدایات کی روشنی میں اس وکٹ کو غیرمعیاری قرار دیا جاتا ہے۔وکٹ کے حوالے سے  آئی سی سی کی یہ رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے رنز کے انبار لگا دیے البتہ باؤلرز کے لیے اس وکٹ پر کامیابی حاصل کرنا محال ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن