فنڈز خورد برد الزام: جلیل شرقپوری، 2 سابق ایکسیئن سمیت کئی افسر آج اینٹی کرپشن طلب 

Mar 11, 2023


شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے سابق رکن صوبائی اسمبلی، دو سابق ایکسیئن ، ایس ڈی او، سب انجینئر، اکائونٹ آفیسر اور جونیئر کلرک کو کروڑوںر وپے کے ترقیاتی فنڈز خورد برد کرنے کے الزامات کے تحت آج طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کی آبادی بھکھی روڈ کے رہائشی محمد جاوید نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور ریجن میں تحریری درخواست دی ہے جس میں الزامات عائد کئے گئے ہیں سابق ایکسیئن لوکل گورنمنٹ میاں مدثر، ایکسیئن میاں محمد اجمل، اسسٹنٹ انجینئر وسیم الدین، سب انجینئر عدنان گل، ڈویژنل اکائونٹ آفیسر محمد سرور، جونیئر کلرک محمد وقاص نے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری کی طرف سے جاری کروائے گئے فنڈز میں کروڑوں روپے کی خورد برد کر لی ہے۔  تقریباً 85 کروڑ روپے کے فنڈز میںسے تقریباً 25 فیصد فنڈز علاقہ کی تعمیر وترقی پر لگایا گیا ہے۔  اگر 2018 سے 2021 ء تک کا آڈٹ کیا جائے تو لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام جاری ہونے والی سکیموں میں اکثر وبیشتر سکیموں کی بوگس ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں