لاہور (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے دستور پاکستان گولڈن جوبلی تقریبات سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ نیا آئین آیا تو موجودہ وفاق کی شکل باقی نہیں رہے گی۔ وفاق کی تمام اکائیوں اور سیاسی جماعتوں نے 73ء کا آئین تسلیم کیا۔ مارشل لاؤں کے باوجود کوئی بھی 73ء کے آئین کو ختم نہیں کر سکا۔ 73ء کاآئین وفاق کو اکٹھا رکھنے کی واحد ضمانت ہے۔ سنٹرل سیکرٹریٹ لاھور میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ وفاق کو 73ء کا آئین ہی متحد رکھ سکتا ہے، پاکستان کسی نئے تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا، 73ء کے سوا کوئی اور راستہ اپنانے کے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ لہذا ہر ادارہ آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔ دستور پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات سال بھر منائی جائیں گی۔ پہلا فنکشن اسلام آباد، دوسرا کراچی میں ہوا اور تیسرا 25مارچ کو الحمراء ہال لاھور میں ہو گا۔ زیادہ بہتر یہ ہو گا کہ سارے الیکشن ایک تاریخ پر ہوں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی الیکشن سے فرار حاصل نہیں کیا، پنجاب اور کے پی کے الیکشن پرانی مردم شماری اور دیگر کے نئی مردم شماری پر ہوں گے۔ عمران کی گرفتاری کی مخالفت کی ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری فیصل میر نے کہا کہ اعتزاز احسن کی ریڈ لائن گزشتہ 40برس سے تبدیل ہوتی آ رہی تھی۔ آج کل ان کی ریڈ لائن عمران خان ہیں۔
نیا آئین آیا تو موجودہ وفاق کی شکل باقی نہیں رہے گی: رضا ربانی
Mar 11, 2023