لاہور(کامرس رپورٹر ) رمضان میں ایران سے اشیائے خوردونوش منگوا کر عوام کو مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔وفد میں سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، سیکرٹری زراعت، سپیشل سیکرٹری زراعت،کمشنر لاہوراور سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن شامل تھے۔ صوبائی وزیر صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر اور وفد نے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فار سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون بڑھانے اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہاکہ پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کا جامع پلان مرتب کیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ ماہ مقدس میں ایران سے اشیائے خوردونوش منگوا کر عوام کو مناسب نرخوں پر فراہم کریں۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فارنے کہاکہ رمضان مبارک کے دوران اپنے مسلمان بھائیوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔ ہم پنجاب سے گوشت منگوانے کے خواہشمند ہیں اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت کا تعاون درکار ہے۔سی ای او پی بی آئی ٹی جلال حسن نے کہاکہ ایران کے ساتھ تجارت کے حوالے سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔