محسن نقوی کی ہدایت پر میٹرو بس کا  صبح 6بجے سے آغاز ، 3ترقیا تی منصو بوں کے دورے 


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ  پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر لاہور میٹروبس سروس پر سفر کرنے والے مزدوروں کو بڑا ریلیف مل گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر میٹرو بس سروس کا آغاز صبح 6بجے سے کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ صبح 6 بجے میٹرو بس چلنے سے ہزاروں مزدوروں کو بروقت منزل مقصود پر پہنچنے میں آسانی ہوگی اور پنجاب حکومت نے یہ اقدام مزدوروں کی سہولت کیلئے اٹھایا ہے۔ جبکہ لاہور میں  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 3 منصوبوں کے طوفانی دورے کئے اور ترقیاتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی بی ڈی بلیوارڈ گلبرگ انڈر پاسز، لاہور برج توسیعی منصوبے اور سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ اور کہا کہ ٹریفک کی روانی کیلئے منصوبوں کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے اور ٹریفک کی روانی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ محسن نقوی نے  انجمن سلیمانیہ چلڈرن ہوم کا اچانک دورہ کیا۔ الیکٹرک واٹر کولر میں زنگ آلود پانی، صفائی کی ناقص صورتحال، واش رومز میں صابن تک نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بے آسرا بچوں کیلئے ایسی صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔  محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں تعاون (Taavun) پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر شیخ سلیمان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور میں مبارک سنٹر کی تعمیر کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گروپ 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مبارک سنٹر کی تعمیر کے منصوبے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مبارک سنٹر بننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں نہر میں ٹرالی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ریسکیو سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈوبنے والے افراد کو بحفاظت نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن