بیجنگ+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ شہنوا +اے پی پی+ خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) چین کی پارلیمان نے شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ پانچ برس کیلئے صدر منتخب کر لیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیشنل پیپلز کانگریس کے 3ہزار کے قریب ارکان نے دی گریٹ ہال میں شی جِن پنگ کو صدر منتخب کرنے کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دیا۔ ان کے مدمقابل کوئی دوسرا امیدوار نہیں تھا۔ شی جِن پنگ مرکزی فوجی کمشن کے چیئرمین کے طور پر بھی تیسری مدت کے لیے منتخب ہوئے۔ پارلیمان نے ژائو لیجی کو چیئرمین اور ہان ژنگ کو نیا نائب صدر منتخب کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف ‘ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن نے شی جن پنگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے عوام اور پارلیمان کا ان پر اعتماد ان کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ صدر شی جن پنگ چین کی ترقی اور خوشحالی کی علامت بن چکے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ شی جن پنگ کا تیسری بار صدر منتخب ہونا ان کی مقبولیت کا مظہر ہے۔ شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ پاک چین دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔