بیجنگ+اسلام آباد (نیٹ نیوز+نوائے وقت رپورٹ) مشرق وسطیٰ کی سیاست میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ایران اور سعودی عرب سفارتی تعلقات کی بحالی پر اور دو ماہ میں سفارتخانے کھولنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق کہ یہ معاہدہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔ چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران نے تعلقات کی بحالی پر اتفاق کرلیا ہے۔ سفارتی عملے کے تعیناتی پر بھی اتفاق کرلیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان براہ راست ملاقات بھی ہوگی۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کی مدد سے سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کو خوش آمدید کہتا ہے۔ یقین ہے کہ یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہو گی۔ تاریخی معاہدے کو مربوط بنانے میں چینی قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان مشرق وسطی اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
چین کی ثا لثی ، سعودی عرب اور ایران سفارتی تعلقات بحالی پر رضا مند: پاکستان کا خیر مقدم
Mar 11, 2023