تعلیم کے ساتھ نسل نوکی تربیت کرنے کی ضرورت ہے:راغب حسین نعیمی 

Mar 11, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار )دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ تعلیم کے ساتھ نسل نوکی تربیت کرنے کی ضرورت ہے۔دین اسلام میں اہل علم کودوسر ے انسانوں سے ممتاز قرار دیا گیا ہے۔ اسلام دنیا کا وہ مذہب ہے جس نے تعلیم پر بہت زیادہ زور دیا ہے۔ قرآنی تعلیمات اور احادیث نبویہ اس بات پر شاہد ہیں کہ علم کے بغیر انسان صحیح معرفت الٰہی نہیں حاصل کرسکتا۔ علم اورخشیت الٰہی دونوں لازم وملزوم ہے۔ انسان کے پاس جتنادین کاعلم زیادہ ہوگا اتناہی اس کے دل میں اللہ تعالی کاڈر اور خوف ہوگا اگر ایک دل میں علم توہولیکن اللہ کاڈرنہ ہوتو ایسے علم کاکوئی فائدہ نہیں ہے، اسی لئے دعاکرنی چاہیے کہ اللہ تعالی ہمیں علم نافع اور عمل صالح عطا فرمائے۔ جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ اسلام میں طلب علم کی بہت فضلیت بیان کی گئی ہے اورفرمایا گیاہے کہ علم والے اور غیر علم والے بھی برابرنہیں ہوسکتے۔قرآن کریم میں متعدد مقامات پر اہل ایمان کوعلم حاصل کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس میں دینی علوم بھی شامل ہیں اوردیگر علوم بھی۔لہٰذا آج تمام اہل علم کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ اپنی قوم کے بچوں کو ہر ممکن ذریعے سے اس راہ پر دوبارہ گامزن کریں اور والدین اپنی اولاد کیلئے حصول علم کی ہر ممکن کوشش کریں۔

مزیدخبریں