لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب ثقافت دیہاڑ کے لوگو کی تقریب رونمائی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر میں منعقد ہوئی۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے لوگو کی رونمائی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ثقافت دیہاڑ کا لوگو تبدیل کر دیا گیا ہے۔موجودہ لوگو پنجاب کی ثقافت کی بھرپور نمائندگی کر رہا ہے جس میں پنجابی مرد اور خاتون کو پنجابی لباس زیبِ تن کئے دکھایا گیا ہے۔عامر میر نے کہا کہ پنجابی عوام کی نمائندگی یقینی بنانے کیلئے اونچے شملے والی ”پگ“ کو عمومی طور پر استعمال ہونے والی پگڑی سے بدل دیا گیا ہے۔ 14 مارچ کو پنجاب ثقافت دیہاڑ بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ صوبہ بھر میں ڈویژنل کمشنر اپنی اپنی ڈویژن میں پنجاب ثقافت دیہاڑ کی تقاریب کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تہذیب و ثقافت اپنے حسن اور دلپزیری کے باعث پوری دنیا میں مشہور ہے اور صوبہ میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب پنجابی زبان، فن اور ثقافت کے فروغ کیلئے خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ سیکرٹری انفارمیشن علی نواز ملک ، ڈائریکٹر جنرل (پلاک) بینش فاطمہ ساہی، ایڈیشنل سیکرٹری کلچر نازیہ جبیں سمیت دیگر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
پنجاب ثقافت دیہاڑ کا لوگو تبدیل ،عامر میرنے نئے لوگو کی رونمائی کی
Mar 11, 2023