شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی زکوٰة جمع کرنے کی مہم کا آغاز 

Mar 11, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر) شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی جانب سے رمضان کی آمد کی پیش نظر زکوٰة جمع کرنے کی مہم کاآغاز کر دیا گیا ۔ اس موقع پر شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اس سال کی کمپین کا مقصد لوگوں کی توجہ ایسے خاندانوں کی طرف دلانا ہے جو ایک طرف تو غربت سے نبرد آزما ہیں تو دوسری طرف ان کے کسی پیارے کو کینسر ہو جانے کی صورت میں ان کی مشکلات میں اور بھی اضافہ ہو چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کینسر کامرض صرف متاثرہ شخص کیلئے ہی جسمانی تکلیف کا باعث نہیںبنتا بلکہ علاج کے حصول کیلئے دور درازکے سفر ، رہائش اور علاج کے اخراجات کی پریشانی مریض کے سارے خاندان کو مزید تکلیف میں مبتلا کر دیتی ہے ۔ اس صورتحال میں آپکی مدد ان خاندانوں کی تکالیف کم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ گزشتہ 28سالوں سے آپ کی جانب سے دی جانے والی زکوٰة و عطیات کی بدولت ہم نے اپنے پاس آنے والے ہزاروں مستحق مریضوں کو کینسر کے علاج کی اعلیٰ ترین طبی خدمات فراہم کی ہیں ۔ ڈاکٹر فیصل نے گزشتہ برس لوگوں کی طرف سے دی جانے والی زکوٰة کے استعمال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا سال 2022کے دوران ہم نے 75فیصد سے زائد مستحق مریضوں کے علاج پر آپ کے تعاون سے 11ارب روپے خرچ کیے جس میں سے 50فیصد رقم زکوٰة کی مد میں وصول کی گئی تھی۔ 
یعنی صرف زکوٰة توتمام مستحق مریضوں کو بلا معاوضہ علاج فراہم کرنے کیلئے ہی ناکافی ہوتی ہے اور یہ ممکن نہیں ہوتا کہ اسے بچا کر کسی اور مقصد میں استعمال کیا جائے ۔ زکوٰة کا استعمال صرف مستحق مریضوں پر اور با قاعدہ تصدیق کے بعد کیا جاتاہے اور جس سال زکوٰة وصول کی جاتی ہے اسی سال خرچ کی جاتی ہے ۔ اس ضمن میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ نے شریعہ کمپلائنس سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کیا ہے جو اس امر کی مزید توثیق کرتا ہے کہ آپ کی جانب سے دی جانے والی زکوٰة کو اسلامی اصولوں کے عین مطابق استعمال کیا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر فیصل نے رواں سال کے ٹارگٹ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2023میں اپنے دونوں جدید ترین ہسپتالوں میں کینسر کے خلاف اس جنگ کو جاری رکھنے اور کراچی میں تیسرے ہسپتال کو رواں سال کے آخر تک کھولنے کے لیے 39ارب روپے درکارہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس رقم کا ایک بڑا حصہ آپ کی زکوة و عطیات کی مدد سے پورا ہو جائےگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دل کھول کر عطیات دینے کا سلسلہ جاری رکھیں تا کہ ہم سب ملک کر کینسر سے لڑتے خاندانوں کا بوجھ ہلکا کر سکیں۔۔عوام کی سہولت کے پیشِ نظر شوکت خانم کو زکوٰة و عطیات دینا نہایت آسان بنا دیا گیا ہے، زکوٰة ، صدقات و عطیات کیش، چیک یا بینک ڈرافٹ بنام"شوکت خانم میموریل ٹرسٹ©©"ہسپتال، ہمارے کسی بھی علاقائی دفتر، تشخیصی مرکز، لیبارٹری کلیکشن سنٹریا پاکستان میں موجود کسی بھی بینک میںجمع کروائے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گھر سے چیک وصول کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے جسے 0800 11555 پر کال یا 0300 0666 363 پر اپنا پتہ وٹس ایپ کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آپ کی طرف سے دی جانے والی زکوٰة و عطیات کی ہمیشہ با قاعدہ رسید فراہم کی جاتی ہے۔

مزیدخبریں