کراچی ( کامرس رپورٹر ) چیف ایگزیکٹو افسر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا نے 24 ویں ٹیکسٹائل ایشیاءنمائش کا افتتاح کردیا، غیرملکی مندوبین بھی اس نمائش کا حصہ ہیں۔ افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر موتی والا نے کہاکہ چین، ترکیہ، انڈونیشیا اور دیگر دوست ممالک مشکل میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔ جاری خسارے میں کمی صرف ایکسپورٹ بڑھا کر لائی جاسکتی ہے جس سے ہمارے ملک کے ذخائر میں بہتری آسکتی ہے۔ سی ای اوٹڈاپ نے کہا کہ ملک جلد مشکل حالات سے نکل جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ڈالر ریٹ اوپر جاتا ہے تو معیشت بیٹھ جاتی ہے۔ شرح سود کا 20 فیصد تک پہنچنا کسی صورت کاروبار کیلئے بہتر نہیں۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ ایل سیز کے معاملے میں بہتری آنے لگی ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کراچی چیمبر آواز اٹھاتا ہے لیکن مطلوبہ نتائج نہیں ملتے۔ چیف ایگزیکٹیو ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا نے کہا کہ شپنگ کمپنیوں نے پاکستان سے بہت کمایا ہے، اس مشکل وقت میں ڈیمریج ڈیٹنشن پر کمپنیوں کو ریلیف دینا چاہئیے۔ چیرمین بی ایم جی، کراچی چیمبر نے کہا کہ ایسی نمائش کا انعقاد اسی سبب کیا جاتا ہے کہ دنیا کہ دکھا سکیں ہم کہاں تک کام کررہے ہیں۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں تین روزہ 24 ویں ٹیکسٹائل ایشیائ اور 19 ائی ٹی آئی ایف ایشیائ نمائش میں 400 سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ٹیکسٹائل ایشیاءاور آئی ٹی آئی ایف نمائشوں میں مقامی اور بین القوامی کمپنیوں کے 550 برانڈز مشتہر ہیں. چھے ہالز پر مشتمل دونوں نمائشوں میں 778 اسٹالز سجائے گئے ہیں۔ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے نائب صدر عزیر نظام نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ 24 ویں ٹیکسٹائل ایشیاءنمائش اور 19 ویں آئی ٹی آئی ایف نمائشوں کا انعقاد برآمدات میں اضافے کیلئے معاون و مددگار ثابت ہوگی۔نمائش میں چین، ترکی، ایران، بیلاروس، جرمنی، کوریا، عرب امارات، امریکہ، تائیوان، جاپان، نیدرلینڈ کے وفود اور کمپنیوں کے پویلیئن سجائے گئے ہیں۔ افتتاح کے موقع پر برادر ممالک چین، ترکیہ، ایران، انڈونیشیا، بیلاروس کے قونصل جنرلز اور تجارتی اتاشیوں نے شرکت کی۔ نمائش کے منتظمین نے امید ظاہر کی ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال ٹیکسٹائل شعبے سے متعلق افراد کی شرکت میں اضافہ ہوگا۔
چیف ایگزیکٹیو ٹڈاپ : 24 ویں ٹیکسٹائل ایشیاءنمائش کا افتتاح
Mar 11, 2023