افغانستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ 


لاہور ( سپورٹس رپورٹر) رواں ماہ پاکستان اور افغانستان کے مابین شارجہ میں 3ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائےگی، اس سیریز کےلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق مستقبل کےلئے مضبوط اور متوازن ٹیم کی تشکیل دینے کےلئے پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2023ءمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو مختصر فارمیٹ کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید آئندہ چند روز میں افغانستان کے خلاف سکواڈ کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔ کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان سمیت کئی کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری بائیں ہاتھ کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی کو دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔ سکواڈ میں تین وکٹ کیپرز حسیب اللہ (پشاور زلمی )، اعظم خان (اسلام آباد یونائیٹڈ )اور محمد حارث (پشاور زلمی )کو شامل کئے جانے کی توقع ہے۔ پشاور زلمی کے صائم ایوب، ملتان سلطانز کے فاسٹ باﺅلر احسان اللہ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راﺅنڈر فہیم اشرف کیساتھ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی قومی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے ۔

ای پیپر دی نیشن