مریم نواز کی جانب سے اپنا نام غلط لینے پر معروف برازیلین رائٹر پاؤلو کویلہو کا ردعمل آگیا

Mar 11, 2023 | 12:41

پاکستانی سیاست میں زبان کا پھسلنا اور حقائق کا غلط حوالہ دینا کوئی معمولی بات نہیں ہے،کانپیں ٹانگ رہی ہیں سے لے کر جرمنی اور جاپان کی مشترکہ سرحدیں تک، پاکستانیوں نے سیاستدانوں کی کئی غلطیاں دیکھی ہیں۔اب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی تازہ ترین غلطی نے نہ صرف مقامی توجہ حاصل کی ہے بلکہ  بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کی جس میں عالمی شہرت یافتہ مصنف پاؤلو کویلہو بھی شامل تھے۔ مریم نواز نے برازیل کے نامور مصنف پاؤلو کویلہو کا غلط نام لیا جنہوں نے  دی الکیمسٹ سمیت کئی مقبول کتابیں تحریر کی ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران مریم نواز نے پاؤلو کویلہو کی جگہ پاؤلو 'کویڈو' کہہ ڈالا جس کی ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہوگئی۔دوران انٹرویو مریم نواز سے ان کی پسندیدہ کتابوں کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب میں کہا کہ انہیں تاریخ میں خاصی دلچسپی ہے، جیسا کہ مصنف پاؤلو کویڈو ہیں، میں انہیں بہت شوق سے پڑھتی ہوں۔مریم نواز کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے ان پر خاصی تنقید کی گئی اور مختلف تبصرے بھی کیے گئے جب کہ اس کے برعکس پاؤلو کویلہو نے بذات خود اس ویڈیو پر ردعمل دیا۔برازیلین مصنف کی جانب سے مریم کی غلطی کا دفاع کیا گیا۔انہوں نے تمام ناقدین کے لیے ویڈیو کو شیئر کیا اور لکھا 'میں غیر ملکی ناموں کے تلفظ میں اکثر غلطیاں کرتا ہوں لہذا تنقید نہ کریں'۔

مزیدخبریں