قلندرز ‘ سلطانز کو شکست ‘ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ‘اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف میں آ گئی

 اسلام آباد+کراچی (خبرنگار+نیٹ نیوز) پی ایس ایل9 کا راولپنڈی میں آخری میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے 229رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد آخری گیند پر عبور کر لیا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں پر 228 رنز کا بڑا سکورکیا، ملتان کے عثمان خان نے 50گیندوں پر 15چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست100 رنز بنائے۔ سلطانز کے چارلس42اور یاسرخان33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے2 جبکہ نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں پر 232 رنز بنا کر میچ 3وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو84، شاداب خاب54، حیدرعلی19 اور فہیم اشرف23 اور عمادوسیم 30رنز ناٹ آٹ کیساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ملتان سلطان کی جانب سیعباس آفریدی نے3، محمدعلی نے 2 جبکہ جارڈن اور ڈیوڈ ولی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری گیند پر چھکا مارکر حاصل کیا۔ کوئٹہ کی جیت کے ساتھ کراچی کنگز اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے، تاہم وسیم جونیئر نے شاہین کو چھکا مار کر اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ جتوادیا جبکہ اگلے مرحلے میں بھی پہنچا دیا۔ سعود شکیل88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔کراچی نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا۔لاہور قلندرز کی ٹیم میں 2 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔قلندر کے فخر زمان میچ کیلئے دستیاب نہیں، وہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، کپتان شاہین آفریدی نے 55 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ صاحبزادہ فرحان 25، مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 2، محمد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ لی۔ لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے اور اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن