اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + آئی این پی) الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے عہدے پر آصف علی زرداری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اتوار کو ریٹرننگ افسران کی جانب سے جاری فارم7 کے مطابق آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی اور سینٹ سے 255 ، پنجاب اسمبلی سے 43، سندھ اسمبلی سے 58، خیبر پی کے اسمبلی سے 8 اور بلوچستان اسمبلی سے 47 ووٹ ملے۔ ان کے مدمقابل امیدوار محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی اور سینٹ سے 119، پنجاب سے 18، سندھ سے 3، خیبر پی کے سے 41 ووٹ ملے، وہ بلوچستان سے کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے۔ اس طرح آصف علی زرداری 411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کئے ۔ کل 1044 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہوئے، 1035 ووٹ درست شمار گئے گئے۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے سینٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران مقرر کردیئے۔ چاروں صوبوں سے سینٹ کی سات، 7 جنرل نشستوں دو، دو خواتین اور دو، دو ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ پنجاب اور سندھ سے ایک، ایک اقلیتی نشست پر بھی انتخاب ہوگا۔ اسلام آباد کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔ چاروں صوبوں میں سینٹ انتخابات کے لیے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسران مقرر کئے جبکہ اسلام آباد کے لیے ڈی جی ٹریننگ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر مقرر کئے۔ دریں اثناء سینٹ کی دو جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے وقار مہدی، عاجز دھامرا ضمنی انتخاب سے دستبردار ہوگئے۔ کراچی سے الیکشن کمیشن کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے جمیل احمد بھی سینٹ الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔ سینٹ کے ضمنی انتخاب پر پیپلز پارٹی کے جام سیف اللّٰہ خان اور محمد اسلم ابڑو امیدوار ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللّٰہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق جمعرات 14 مارچ کو سندھ اسمبلی میں پولنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک ہوگی۔
صدر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری‘ سینٹ الیکشن کیلئے آر اوز مقرر
Mar 11, 2024