کئی گھنٹے بارش، گوادر پھر ڈوب گیا، رابطہ سڑکیں بند، سعودی عرب نے امدادی سامان بھیج دیا

Mar 11, 2024

اسلام آباد+کوئٹہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے + وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے شہر گوادر میں تقریباً5  گھنٹوں سے زائد وقت سے جاری بارش کے سبب سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کا پانی گلی محلوں میں جمع ہو گیا۔ زہران‘ سیسدی‘ چوڑ اور ملحقہ علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ موسلادھار بارش سے دشت کی رابطہ سڑکیں ایک بار پھر بند ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ آئندہ چند روز میں شدید بارشیں برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے والا ہے۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے گوادر میں تباہ کن بارشوں کے متاثرین کیلئے 875 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا۔ این ڈی ایم اے نے سعودیہ ریلیف کے تعاون سے بارش متاثرین کیلئے امداد گوادر روانہ کی۔ یہ سامان وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اسلام آباد سے گوادر کے لیے روانہ کیا۔ رپورٹس کے مطابق 875 ٹن امدادی سامان بذریعہ کنٹینرز اسلام آباد سے گوادرکیلئے روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرکیمپس اور 9 ہزار راشن کے بیگز شامل ہیں، یہ گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے سعودی عرب کا تحفہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات آئندہ بھی مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اور پاکستانی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی میں بلوچستان اور پاکستان کا کوئی حصہ نہیں، بلوچستان حکومت تمام چیلنجر کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ گوادر کا دورہ اور امداد کا اعلان کیا، بارش سے متاثرہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔ وفاقی حکومت نے آتے ہی بلوچستان کو ریلیف دینا شروع کر دیا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم بلوچستان، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 10مارچ کو بھی موسلادھار بارشوں کے باعث گوادر، کیچ، تربت اور پنجگور میں برساتی/مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے شمالی اضلاع میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔ گوادر، تربت، کیچ، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، پنجگور، خاران، قلات، خضدار، لسبیلہ ،آواران ،چاغی، نوشکی، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

مزیدخبریں