لاہور+اسلام آباد +شیخوپورہ(خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار +نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اگر غزہ میں جنگ بندی نہ کی گئی تو جماعت اسلامی 27رمضان کو امریکی سفارتخانے کی طرف ملین مارچ کرے گی۔ جب لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے تو ہم فیصلہ کریں گے کہ ایوان صدر کا محاصرہ کریں یا امریکی سفارتخانے کا گھیراؤ۔ حکمران بزدلانہ رویہ ترک کر کے غزہ کے بارے میں جرات مندانہ عملی اقدامات کرے یا پھر غیور پاکستانیوں کے لیے راستہ کھولیں۔ 58 اسلامی ممالک کے حکمران،74لاکھ افواج غزہ کی تباہی، ہزاروں معصوم بچوں اور عورتوں کے قتل عام پر خاموش ہیں۔ غزہ پر ہیروشیما، ناگاساکی سے زیادہ بارود کی بارش کی گئی مگر پارلیمنٹ کے اجلاس میں غزہ میں جاری ظلم و بربریت روکنے کے لیے کوئی بات نہیں ہو رہی۔ حکمران غزہ کے مسئلے کو اپنا مسئلہ نہیں سمجھتے۔ حکومت نے رمضان میں غزہ کو بچانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا تو عوام ان امریکی غلاموں کو ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں غزہ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ شرکائے مارچ نے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز، پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر وگلگت بلتستان مشتاق خان، صدر جے آئی یوتھ پاکستان رسل خان بابر، ڈائیریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی و دیگر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہا کہ ایک طرف ہزاروں مسلمانوں کو فلسطین میں بے رحمی سے شہید کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف پنجاب حکومت اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دینے کی بجائے جشن منانے کی تیاریاں کر رہی ہے جو انتہائی افسوسناک اور زخموں میں نمک پاشی کے مترادف ہے۔ پنجاب حکومت فوری طور پر اپنی اصلاح کر لے اور رمضان جیسے مقدس مہینے میں جشن کے بجائے اہل فلسطین سے بھرپور تعاون کا اعلان کرے۔ دنیا بھر کی عوام نے فلسطین کا ساتھ دیا۔ امریکہ، یورپ اور ڈنمارک سمیت تمام مغربی ممالک کی عوام نے اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جلوس اور ریلیاں منعقد کی لیکن ہماری حکومت نے ابھی تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔ بدقسمتی سے مسلمان ممالک کی فوج اپنے ہی ملکوں کو فتح کرنے پر مصروف ہے جس کی مثال ہم الجزائر، تیونس، مصر اور پاکستان میں بارہا دیکھ چکے ہیں۔ ملک بھر کی طرح امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پی پی 139 کوٹ عبدالمالک میں بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اور اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنما عمیر مشتاق کمبوہ اور دیگر ارکان نے کی جبکہ کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر عمیر مشتاق کمبوہ نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں، خواتین اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور ہمارے حکمران امریکہ و آئی ایم ایف کے خوف سے اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کو تیار نہیں۔ علاوہ ازیں ملک بھر کی طرح امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر شیخوپورہ میں بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اور اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیر رانا تحفہ دستگیر احمد، سابق امیر ضلع شیخ محمد جمیل اور سٹی امیر ڈاکٹر میاں محمد رمضان نے کی۔
اسلام آباد میں مظاہرہ، 27 رمضان کو ملین مارچ ہو گا، ایوان صدر یا امریکی سفارتخانے کے گھیراؤ کا فیصلہ کرینگے: سراج الحق
Mar 11, 2024