لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گھروں رمضان پیکیج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دیدیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بغیر اطلاع پونچھ ہاؤس میں ماڈل رمضان بازار کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبائی ماڈل بازار کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کاجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈسٹرکٹ،ڈیش بورڈ اورپی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ کیا اور قیمت ایپ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈیش بورڈ پر پیش کردہ اداو شمار کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے رمضان پیکیج کی گھروں میں ترسیل کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں،رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کریں گے۔عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے،ان کے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوا زشریف نے کہا کہ رمضان پیکیج اوردیگر امور کے بارے میں ڈسٹرکٹ سکور کارڈبنایا جائے گا،خلاف ورزی کی صورت میں نمبر کم ہوں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گھر میں ترسیل کی اطلاع بھی ڈیش بورڈ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10رمضان تک تمام ضرورت مندوں تک رمضان نگہبان پیکیج پہنچ جائیں گے۔چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ،ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب مریم نے سرگودھا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید کانسٹیبل محافظ سکواڈ کانسٹیبل محسن عباس کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شہید کانسٹیبل محسن عباس کی قربانی کو یاد رکھا جائے گا، اہل خانہ کی دیکھ بھال کا حکم بھی دیا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے سرگودھا میں ٹیچر کے مبینہ تشدد سے جاں بحق 14 سالہ سمیع اللہ پر تشدد کی جامع تحقیقات کرکے ذمہ دار کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلباء پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں، اسے ریڈ لائن سمجھا جائے۔
ئرمضان پیکیج کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم، عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دینگے: مریم نواز
Mar 11, 2024