اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) آصف علی زرداری نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب اتوار کی سہ پہر ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف، سبکدوش ہونے والے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام محمد، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نومنتخب ارکان قومی اسمبلی اور غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، شرجیل میمن، ملک عامر فدا پراچہ، نواب جمال خان رئیسانی سمیت دیگر سیاسی قیادت موجود تھی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آصف علی زرداری 2008 ء سے 2013 ء تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں حلف کے بعد آرمی چیف اور سروسز چیفس نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی۔ چیف جسٹس حلف برداری کے بعد لابی میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ گفتگو کرتے رہے جبکہ چیف جسٹس کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی تقریب میں موجود تھیں۔ آصف زرداری نے انگریزی زبان میں حلف اٹھایا اور حلف برداری کے بعد ایوان صدر میں مہمانوں کی چائے اور پیسٹریوں سے تواضع کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر صدر زرداری اور وزیراعظم نے مہمانوں سے فرداً فرداً مصافحہ بھی کیا۔ آرمی چیف نے نواز شریف‘ بلاول بھٹو زرداری سے مصافحہ کیا اور مختصر ملاقات بھی کی۔ صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک نہیں ہوئیں جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور بھی دعوت کے باوجود تقریب میں شریک نہ ہوئے۔ علاوہ ازیں چین کے صدر شی جن پنگ نے آصف علی زرداری کو صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ پاک چین آہنی دوستی، تاریخ کا انتخاب اور عوام کا قیمتی خزانہ ہے، چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی ہیں۔ شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک نے سی پیک کی تعمیر میں مثبت نتائج حاصل کیے، پاکستان اور چین نے قریبی اعلیٰ سطح کے تبادلے برقرار رکھے اور دونوں ممالک نے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی۔ چینی صدر نے کہا کہ چین پاکستان تعلقات کی تزویراتی اہمیت مزید نمایاں ہو گئی ہے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون آگے بڑھانے کے لیے صدر زرداری کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے آصف علی زرداری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ امید ہے آپ کے دور میں پاک ترکیہ کے عوام کی خوشحالی کیلئے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے آصف علی زرداری کو پریذیڈنٹ آف پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ابراہیم رئیسی نے کہا کہ آصف علی زرداری کو صدر پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ پاکستان سے قریبی تعلقات میں فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔ ایران پاکستان کے درمیان تاریخی‘ ثقافتی اور مذہبی تعلق قائم ہے۔ امید ہے آصف زرداری کے دور صدارت میں پاک ایران تعلقات بڑھیں گے۔ پاکستان ایران کا بھائی اور دوست ملک ہے۔ ایران ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کیلئے تیار ہے۔