لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سائوتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلہ میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو آگاہ کردیا۔ ایونٹ میں مرد و خواتین کی 7، 7 ٹیمیں شرکت کرینگی۔ ایونٹ کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کو پروپوز کیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر پی او اے سید محمد عابد قادری گیلانی کی زیرصدارت اجلاس میں سائوتھ ایشین گیمز میں ہاکی ایونٹ کی میزبانی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود سمیت پی او اے سے ملحقہ قومی سپورٹس فیڈریشنز کے سیکرٹری و صدور بھی موجود تھے۔ جن میں خالد بشیر، حاجی محمد شفیق، فیضی خواجہ، نصیر احمد، محمد جہانگیر بھی شامل تھے۔ سید حیدر حسین نے دوران بریفنگ ہاکی ایونٹ کی میزبانی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے انتظامات کا تخمینہ ، انٹرنیشنل ٹیکنیکل آفیشلز، انٹرنیشنل کھلاڑیوں ، انٹرنیشنل ڈیلیگیٹس کی میزبانی کے حوالہ سے انتطامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ خالد محمود سمیت شرکاء نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تجاویز کو سراہا۔ حیدر حسین نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیلوں کی ترقی اور انٹرنیشنل ایونٹ کو پاکستان کی میزبانی میں منعقد کرانے کے سلسلہ میں کاوشوں کو سراہا۔