لاہور(کامرس رپورٹر )آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر پاکستان منتخب ہونے پر بزنس کمیونٹی نے مبارکباد دیتے ہوئے ملکی معیشت کی بحالی کیلئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک، پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک اور پاکستان بزنس فورم کے ضلعی صدر مومن علی نے اتوار کو ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ صدر زرداری اپنے طویل تجربہ اور حکمرانی کی پیچیدگیوں سے واقفیت کی بنا پر معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صدر آصف زرداری کی قیادت سے بین الاقوامی برادری میں پاکستان کا امیج بڑھے گا، سفارتی تعلقات مضبوط ہوں گے اور تجارت اور تعاون کے نئے مواقع کھلیں گے۔ مومن علی نے نو منتخب صدر اور حکومت پر زور دیا کہ اسٹیک ہولڈرز کی فعال شمولیت کے ساتھ جرات مندانہ و دانشمندانہ معاشی پالیسیاں ترتیب دے کر اور نجی شعبہ کو ساتھ لے کر ہی پاکستان کی مکمل اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔