جیکب آباد +اسلام آباد (این این آئی +نوائے وقت رپورٹ)جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ایس ایس پی جیکب آباد قمر رضا جسکانی کے مطابق پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل کو رکنے کااشارہ کیا تو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پرفائرنگ کر دی۔ جس سے ہیڈ کانسٹیبل رسول بخش بروہی شہید ہو گیا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے ،جلد ان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔دوسری طرف اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن میںتھانہ کورال پولیس نے دعا چوک کے قریب ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد شعیب شدید زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا،پولیس نے ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
جیکب آباد ،اسلام آبادمیں پولیس پر فائرنگ ، 2اہلکار شہید
Mar 11, 2024