لاہور (خصوصی نامہ نگار) ختم نبوت کا قانون عاشقان رسول کیلئے ریڈ لائن ہے جس نے بھی اسے عبور کیا اس کا انجام عبرتناک ہو گا۔ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا مضبوط قلعہ ہے، سازشیں ناکام بنا دیں گے، منکرین ختم نبوت کی اسلام و ملک دشمن سرگرمیاں روکی جائیں۔ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کا ایمانی، بنیادی فرض ہے۔ بارہ سو صحابہ کرام نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جام شہادت نوش کیا جن میں سات سو صحابہ کرام حافظ قرآن تھے۔ عقیدہ ختم نبوت پر پوری امت مسلمہ کا مکمل اتفاق اور قطعی اجماع ہے۔ حکومت امتناع قادیانیت ایکٹ پر مکمل موثر عملدرآمد کرائے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں سید عبدالرحیم شاہ سمیت کثیر تعداد میں مشائخ عظام و علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کا کہنا تھا کہ مغربی و قادیانی ایجنڈے کو کسی صورت پاکستان پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ کوئی مسلمان تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت پر کسی قسم کا عالمی دباؤ قبول کرنے کو تیار نہیں، مذہبی طبقے کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ وطن عزیز کلمہ اسلام کے نام پر بنا تھا‘ ان کا کہنا تھا کہ علماء کرام و مشائخ عظام نے ہمیشہ ملکی سلامتی کی بات کی ہے اور ہمیشہ پاکستان کو فتنہ و فساد سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری سمیت ہمارے بزرگوں نے بڑی محنت کے بعد قادیانی فتنے کو لگام ڈالی ہے۔ ہم بھی عہد کرتے ہیں ہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قادیانیوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کانفرنس سے سید عبدالرحیم شاہ‘ علامہ مفتی محمد فیصل‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد حسیب‘ علامہ پیر تبسم بشیر اویسی اور علامہ محمد احمد برکاتی، مفتی محمد آصف نعمانی، مفتی غلام سرور نے بھی خطاب کیا۔
عقیدہ ختم نبوت اسلام کا مضبوط قلعہ‘ سازشیں ناکام بنا دیں گے: منور شاہ جماعتی
Mar 11, 2024