سماترا (نوائے وقت رپورٹ) انڈونیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے دوران مختلف واقعات میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 5 افراد لاپتا ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں ہونے والی مسلسل بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی، سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔بارشوں اور سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے جن میں 5 سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے 13 نعشیں نکالی گئی اور 7 کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جب کہ 5 تاحال لاپتا ہیں جن کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔ مسلسل بارشوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔سیلاب میں کئی افراد بہہ گئے جب کہ درخت اور ہورڈنگز گرنے سے بھی 6 ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں اس طرح مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی جب کہ 10 سے زائد افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز جاری ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انڈونیشیا سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے تباہی 19افراد ہلاک متعددزخمی
Mar 11, 2024