علی امین گنڈا پور کا ٹی ایم ایز ملازموں کی تنخواہوں، پنشنز کیلئے خصوصی فنڈز جاری کرنے کا حکم

پشاور:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایز ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگیوں کے لئے خصوصی فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا. وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس مقصد کے لئے ڈیڑھ ارب روپے ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

علی امین گنڈا پور نے ہدایت کی کہ ان ملازموں کو دو مہینوں کی تنخواہیں اور پنشنز ادا کی جائیں. تاکہ ان ملازموں کو رمضان کے دوران اور عید پر کوئی مالی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایز کے ملازموں کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگیوں کا مسئلہ درپیش ہے. جس کی وجہ سے ان ٹی ایم ایز کے ملازمین کو مالی طور پر مسائل کا سامنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ رمضان کے مہینے اور عیدالفطر کے لئے ان ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کا بندوبست کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن