ٹوینٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو گیارہ رنز سے شکست دے دی

May 11, 2010 | 01:16

سفیر یاؤ جنگ
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ اچھا ثابت نہ ہوا اور اٹھارہ رنز کے مجموعی
سکور پر سلمان بٹ دو، خالد لطیف سات اور محمد حفیظ ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر اکمل برادران نے اکاون رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے سکور انہتر رنز تک پہنچا دیا۔
کامران اکمل دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے سینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور ایک سو تیس رنز کر دیا۔ عمر اکمل چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے اکیاون جبکہ آفریدی تیس رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں پر ایک سو اڑتالیس رنز بنائے۔ عبدالرزاق گیارہ رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ کارل لینگ ویلٹ نے چار جبکہ اسٹین، کیلس اور وان ڈرمروے نے ایک بیٹسمین کو آوٴٹ کیا۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی جانب سے اے بی ڈیویلیئرز، جیک کیلس اور جوہان بوتھا نے عمدہ کھیل پیش کیالیکن ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرا سکے۔ کیلس بائیس، ڈیویلیئرز اکیاون اور بوتھا انیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں
پر ایک سو سینتیس رنز تک محدود رہا۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے چار اور عبدالرحمان نے دو کھلاڑیوں
کو آؤٹ کیا۔
مزیدخبریں