شاہ محمود قریشی نے آج صبح گیارہ بجے کے قریب بھارتی وزیر خارجہ سے فون پر رابطہ کیا اورانہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے ان کی یہ دعوت قبول کرلی ہے ۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دوطرفہ امورپر بھی بات چیت کی گئی ۔ دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں جامع مذاکرات کی بحالی کا معاملہ بھی زیرغورآیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیرخارجہ سے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں دونوں ملکوں کو دہشت گردی جیسے مشترکہ مسائل کا حل نکالنا ہوگا ۔ دنوں کے درمیان بھوٹان میں ہونے والی سارک کانفرنس کے فیصلوں پرعملدرآمد پربھی بات چیت کی گئی جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا جامع مذاکرات کا عمل جلد ازجلد شروع ہونا چاہیے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان پچیس منٹ تک گفتگو ہوئی ۔ دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ وزرائے خارجہ کی ملاقات رواں ماہ ہونی چاہیے جس کیلئے تمام معاملات طے کئے جارہے ہیں۔