گورڈن براون نے پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا

لندن (آصف محمود سے) برطانوی وزیراعظم گورڈن براون نے وسیع تر ملکی مفاد اور لبرل ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر مضبوط اور مستحکم اتحاد بنانے کے لئے لیبر پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہ ے‘ 10 ڈاوننگ سٹریٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹس مل کر حکومت بنا سکتی ہیں لیکن وہ یہ نہیں چاہتے کہ وہ لیبر پارٹی کے سربراہ کے منصب پر اس وقت تک بیٹھے رہیں جب ان کی ضرورت نہ ہو۔ معلق پارلیمنٹ کے قیام کی وجہ یہ ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی لیڈر عوام کی مکمل حمایت حاصل نہیں کر سکا۔ انہوں نے اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ وسیع تر ملکی مفاد کی خاطر لبرل ڈیموکریٹس کے ساتھ اتحادی حکومت بنانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی کی نئی قیادت کا فیصلہ اس سال ستمبر میں ہونے والی سالانہ کانفرنس میں ہو جائے گا۔ وہ دوبارہ پارٹی کی قیادت کے لئے امیدوار ہوں گے اور نہ ہی ذاتی حیثیت میں کسی امیدوار کی حمایت کریں گے۔ میری آئینی ذمہ داری ہے کہ میں اس وقت تک حکومت چلاتا رہوں جب تک کوئی جماعت دارالعوام میں اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی اہل نہیں ہو جاتی‘ پورا ملک پروگریسو اتحادی حکومت چاہتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن