امریکہ کو اسامہ کی بیواﺅں تک رسائی مل گئی‘ امریکی ٹی وی: ایسا نہیں ہوا‘ پاکستان..

May 11, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اشنگٹن / اسلام آباد (ایجنسیاں + سٹاف رپورٹر + ریڈیو مانیٹرنگ) امریکی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو اسامہ بن لادن کی زیر حراست بیواﺅں تک رسائی اور مشروط تفتیش کی اجازت دے دی ہے تاہم پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اسامہ کی بیواﺅں تک رسائی کے لئے کوئی رابطہ نہیں کیا‘ پاکستان امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ اور ہلیری کلنٹن کا دورہ پاکستان بھی منسوخ نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ کے گھر سے گرفتار بیواﺅں میں امل‘ ام حمزہ اور ام خالد شامل ہیں۔ ایک بیوہ سے تفتیش کی بنیاد پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ اسامہ کے ساتھ ایک منزل پر رہتی تھیں اور سکیورٹی خدشات کے سبب وہ کبھی کھڑکی تک بھی نہیں گئیں ۔ امریکی اہلکار کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو اجازت دے دی ہے کہ وہ اسامہ کی تینوں بیواﺅں سے تفتیش کر سکتا ہے تاہم اس کے لئے ان ملکوں سے اجازت لینا ضروری ہے جہاں سے ان بیواﺅں کا تعلق ہے۔ ٹی وی کے مطابق اسامہ کی چوتھی بیوہ اس وقت شام میں ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ٹی وی نے بتایا کہ امریکی حکومت کے ایجنٹس ان بیواﺅں سے صرف سوالات ہی نہیں کر سکیں گے بلکہ ان تک براہ راست رسائی دی جائے گی۔ ادھر اسلام آباد سے پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ اسامہ کی بیواﺅں تک رسائی بارے امریکی درخواست کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مقامی تفتیش کاروں کی انکوائری مکمل ہونا ہے۔ اتنی جلدی امریکی رسائی کی درخواست پر غور کا سوچا نہیں گیا‘ ایک پاکستانی اہلکار نے کہا کہ اسامہ کی ایک یمنی اور 2 سعودی بیواﺅں اور ان کے بچوں کو ان کے ممالک کے حوالے کیا جائے گا اس حوالے سے ان ممالک سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ لیکن انہوں نے ابھی یہ نہیں کہا کہ وہ انہیں لیں گے۔ ادھر دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ اسامہ کی بیواﺅں تک امریکہ کی رسائی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ بھی پاکستان کا دورہ شیڈول کے مطابق کریں گی‘ سٹریٹجک ڈائیلاگ رواں ماہ اسلام آباد میں ہوں گے۔ اے ایف پی کے مطابق تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ تاحال امریکہ کی طرف سے باضابطہ درخواست نہیں ملی‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسامہ کی بیواﺅں کی حوالگی کے لئے ان کے ممالک سعودی عرب اور یمن نے بھی رابطہ نہیں کیا۔ عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے اسامہ کی بیواﺅں سے تفتیش کا مطالبہ کیا تو پاکستان بھی دوطرفہ بنیادوں پر اس تمام مواد تک رسائی مانگے گا جو امریکی فوجی ایبٹ آباد میں اسامہ کے گھر سے اٹھا کر ساتھ لے گئے تھے۔ ان ذرائع نے امریکی ٹی وی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ رحمن ملک نے امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کی بیواﺅں تک امریکہ کو رسائی دیدی جائے گی۔
امریکی ٹی وی / پاکستان
مزیدخبریں