واشنگٹن (وقت نیوز + اے این این) امریکہ نے پاکستان سے ترجیحی سامان اور خدمات کو نیٹو سپلائی کی بحالی سے مشروط کردیا ، امریکی ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی نے پاکستانی خدمات کا معاوضہ روکنے اور پاکستانی امداد کے لئے شرائط سخت کرنے کے بل کی منظوری دیدی۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کا اجلاس واشنگٹن میں ہوا جس میں پاکستان سے اشیاءاور خدمات لینے پر پابندی لگانے کے بل کی منظوری دی گئی۔اس بل کے تحت نیٹو سپلائی کے بحال ہونے تک پاکستان سے ترجیحی سامان اور خدمات نہیں لی جائیں گی اور حکومت پاکستان کو پہلے سے اداکردہ خدمات کا معاوضہ بھی روکا جائے گا۔ بل کے مطابق دہشت گردی کیخلاف فنڈز سے پاکستان کو رقم دینے کے متعلق امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کے اختیارات میں بھی کمی کی جائے گی، البتہ القاعدہ یا حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کی توثیق وزیر دفاع ہی کریں گے۔ وزیر دفاع کمیٹی کو اس بارے میں بھی آگاہ کریں گے کہ پاکستان کو دی جانیوالی امداد کتنی ہے، کہاں دی جارہی ہے اور کس مد میں استعمال ہو رہی ہے، پاکستان کو دی جانیوالی امداد پر گہری نظر بھی رکھی جائے گی۔ امریکی ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی نے دو دن کی بحث کے بعد گزشتہ صبح متفقہ طور پر بل منظور کیا۔