سان فرانسسکو(سپورٹس ڈیسک )امریکی شہر سان فرانسسکو میں کشتی الٹ جانے کے واقعے میں برطانیہ کے معروف اولمپیئن کشتی راں اینڈریو بارٹ سمپسن ہلاک ہوگئے ہیں۔وہ اپنے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ ’امریکی کپ‘ کے لیے تیاری کر رہے تھے اور ٹریننگ کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔چھتیس سالہ اینڈریو سمپسن سوڈین کی ’آرٹیمائز ریسنگ کیٹامارن‘ ٹیم کا حصہ تھے جو امریکہ کپ کے مقابلے کے لیے تیاری کر رہی تھی۔ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ کشتی پر اپنے دوسرے گیارہ ساتھیوں کے ساتھ تھے اور کشتی الٹنے کے سبب وہ اس کے نیچے دب گئے جس سے ان کی موت ہوگئی۔اینڈریو سمپسن نے دو ہزار آٹھ کے بیجنگ اولمپک میں ایئن پرسی کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ دوہزار بارہ کے لندن اولمپک میں اسی جوڑی نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔آرٹیمائز ریسنگ نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے ’بڑے افسوس کے ساتھ آرٹیمائز ریسنگ اپنے عملے کے اینڈریو بارٹ سمپسن کی آج سین فرانسسکو میں المناک ہلاکت کی تصدیق کرتی ہے۔‘بیان میں کہا گیاہے کہ سمپسن کو نکالنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں دوبارہ بحال کرنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔اس ٹیم کے چیف ایگزیکٹو پال کیارڈ نے ایک نیوز کانفرنس میں اس حادثے کو المناک دن سے تعبیر کیا۔ان کا کہنا تھا ’ہمیں آئندہ چند روز میں ہر شخص کی خیر و عافیت کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‘اولمپک کے مینیجر سٹیفین پارک نے سمپسن کو ایک بہترین سیلر سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ کشتی رانی کرتے وقت ٹیم کے ارکان سے ان کی بھر پور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا جانتے تھے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ آخر ایسا کیا ہوا کہ کشتی کنٹرول سے باہر ہوکر الٹ گئی۔ اس واقعے کی تفتیش کر احکامات دیے گئے ہیں۔