کراچی (سالک مجید) آج پولنگ سٹیشنوں پر بم دھماکوں اور فائرنگ سے حملوں کا خطرہ ہے۔ انٹیلی جنس اداروں نے نگران حکومت کو خبردار کرتے ہوئے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات پر زور دیا ہے۔ عوام کو بھی اپنے ارد گرد مشتبہ سامان اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنی ہو گی۔ دہشت گرد عناصر آج سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پولنگ سٹیشنوں پر سیمنٹ کے بلاکس کو بم دھماکوں کیلئے استعمال کرسکتے ہیں جبکہ پریشر ککر، واٹر کولر اور ٹفن باکس (لنچ باکس) بھی دہشت گردی میں استعمال کئے جاسکتے ہیں اور امیدوارں سمیت سیاسی رہنماﺅں اور کارکنوں کو فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے انتہائی احساس پولنگ سٹیشنوں پر مطلوبہ حفاظتی اقدامات کی تیاری کرنے کی ہدایت جاری کررکھی ہیں اور پولیس، رینجرز اور فوج کے جوان کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار حالت میں ہوں گے۔