کراچی (آئی این پی ) جماعت اسلامی نے کراچی کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کیلئے الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھرنا دیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی زیر قیادت ہونے والے دھرنے میں شہر بھر سے جماعت اسلامی کے انتخابی امیدواروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حساس ترین اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوجی اہلکار تعینات کئے جائیں تاکہ پولنگ کے دوران دھاندلی، بیرونی مداخلت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کیلئے کئی بار الیکشن کمشن کو کہا گیا لیکن ہمارے مطالبے کو پورا نہیں کیا گیا، دھاندلی یا کوئی جانی نقصان ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ دار الیکشن کمشن اور نگراں حکومت ہوگی۔