ٹھپے لگانے کا زمانہ گزر گیا‘ شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے : سیکرٹری الیکشن کمشن

ٹھپے لگانے کا زمانہ گزر گیا‘ شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے : سیکرٹری الیکشن کمشن

May 11, 2013

اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے صاف و شفاف انتخابات کیلئے کردار ادا کریں، ایک لمبا سفر شروع کیا تھا گذشتہ روز آخری شام تھی آج نیا پاکستان جنم لے گا ہم سے جو ہو سکتا تھا کیا، آج کا دن پولنگ عملے کے ہاتھ میں ہے، پولنگ افسر قائداعظمؒ کے فرمودات کو سامنے رکھیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، پولنگ سٹاف کسی کے دباﺅ میں نہ آئیں۔ اب پھٹے لگانے کا زمانہ گزر گیا ہے کوئی خوش فہمی میں نہ رہے کہ وہ کسی کی جگہ ووٹ ڈال لے گا، صاف اور شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتخابات کیلئے پاک فوج نے بہت مدد کی، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے لئے 20ہزار فوجی جوانوں نے فرائض انجام دئیے، 50فوجی ہیلی کاپٹرز نے بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان دور دراز علاقوں میں پہنچایا، صاف اور شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جعلی ووٹ ڈالنے والے کو انگوٹھے کے نشان سے بے نقاب کیا جائیگا۔ عوام سات لاکھ پولنگ عملے کی طرف دیکھ رہی ہے، پاک فوج حساس پولنگ سٹیشنز پر کوئیک رسپانس کا کردار ادا کرے گی جبکہ حساس مقامات پر بکتر بند گاڑیاں بھی موجود ہوں گی۔ پاک فوج کے 75ہزار اہلکار انتخابات کیلئے تعینات کئے، سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ 12مئی کی شام تک رزلٹ آ جائے گا، جعلی ووٹ کاسٹ کرنے والا پکڑا جائے گا 11اور 12مئی کو لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، فوجی ہسپتالوں کو بھی الرٹ رکھا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے ایسا فول پروف سسٹم تیار کیا ہے جس سے جعل سازی کرنے والے کی بعد میں بھی شناخت ہو جائے گی، ماضی کے تلخ تجربات سے عوام میں خوف اور ڈر ہے، جعلی ووٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہر ووٹر کا فوٹو ووٹر فہرست میں موجود ہے، اب پولنگ ایجنٹ کے ساتھ ساتھ پریذائیڈنگ آفیسر بھی ووٹر کی شناخت کرے گا۔ آرمی چیف نے سکیورٹی کے لئے فوجی اہلکاروں کی تعداد میں 5ہزار مزید اضافہ کر دیا ہے اب سکیورٹی کے لئے پولنگ سٹیشنوں پر مجموعی طور پر 75ہزار فوجی تعینات کئے جائیں گے۔ حساس مقامات پر بکتر بند گاڑیاں اور موبائل ہسپتال بھی موجود ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت پانی و بجلی کو 10،11اور 12مئی کو بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا کہا تھا اور وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے مطالبے پر اضافی تیل خریدنے کے لئے 45ارب روپے بھی جاری کر دئیے ہیں مگر یہ بات قابل افسوس ہے کہ اس کے باوجود گذشتہ روز ملک میں لوڈشیڈنگ کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اگر 11اور 12مئی کو ایک منٹ کے لئے بھی لوڈشیڈنگ ہوئی تو ذمہ دار وزارت پانی و بجلی ہو گی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے ووٹروں کو ہدایت کی ہے کہ پولنگ سٹیشنوں پر موبائل فون لے کر نہ جائیں۔
سیکرٹری الیکشن کمشن

مزیدخبریں