لاہور (خبر نگار) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل میاں محمد بلال حسین نے گزشتہ روز رحیم یار خان رینجرز سیکٹر ہیڈکوارٹر (چولستان) کا دورہ کیا اور عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے حوالے سے رینجرز اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی جی رینجرز بلال حسین نے رحیم یار خان میں مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر مامور پاکستان رینجرز کے جوانوں سے ملاقات کی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈی جی رینجرز میاں محمد بلال حسین نے پنجاب رینجرز اور سول انتظامیہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نبردآزما ہونے کےلئے پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے ہمہ وقت تیار ہیں۔ رحیم یار خان سے ڈی جی رینجرز راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور گئے جہاں پر انہوں نے سول انتظامیہ اور رینجرز کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور انتخابات کےلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہر جگہ پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور رینجرز کے جوانوں سے ملے۔
ڈی جی رینجرز /پنجاب