لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج 11 مئی کا دن پاکستان کی قسمت کے فیصلے کا دن ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستانی قوم اس روز ایک خوشحال، خودمختار اور باوقار پاکستان کے حق میں فیصلہ کرے گی اور دیانتدار، محب وطن، مخلص اور تجربہ کار قیادت کا انتخاب کرے گی۔ وہ آج یہاں تعلیمی امتحانات اور تحریری اور تقریری مقابلوں میں مختلف پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد کے ارکان نے اس موقع پر کہا کہ وہ پنجاب میںایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام، لیپ ٹاپ سکیم، اجالاسولر لیمپ پروگرام، انٹرن شپ سکیم اور بیرون ملک دوروں کے پروگرام شروع کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اور طالب علم پاکستان کی تعمیروترقی میں ہمارے دست و بازو ہیں اور ہم ان کی مدد سے قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے پاکستان کی تعمیرنو کریں گے اور صحت، تعلیم، روزگار سمیت زندگی کے ہر شعبے میں انقلاب لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ذی شعور قوم ہے اور انہوں نے قومی زندگی کے ہر مرحلے پر درست فیصلہ کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ 11 مئی کو بھی درست فیصلہ کرے گی جس کے نتیجے میں پاکستان اقوام عالم میں ایک باوقار قوم بن کر ابھرے گا۔ دریں اثناءملک کے نامور کھلاڑیوں نے شہباز شریف سے پارٹی کے سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ 61 رکنی وفد میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے ہاکی، سکواش، بیڈمنٹن، تیراکی، کرکٹ، ویٹ لفٹنگ، ایتھلیٹکس، تن سازی اور اعزازات حاصل کرنے والے کھلاڑی شامل تھے۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ ہم پنجاب میں کھیل کے ہزاروں میدانوں کی بحالی، عورتوں اور مردوں کے لیے سوئمنگ پولز کی تعمیر، بین الاقوامی معیار کے سپورٹس فیسٹیول اور یوتھ فیسٹیول کے انعقاد اور بابائے قوم حضرت قائداعظمؒ کے پسندیدہ کھیل سنوکر کو دوبارہ متعارف کرانے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرنے کے لئے ان کے پاس آئے ہیں۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے پنجاب میں 10 ارب روپے کا پنجاب انڈومنٹ فنڈ قائم کیا تھا جس سے حاصل ہونے والی ایک ارب روپے سالانہ کی آمدن سے چالیس ہزار ہونہار طلبا وسائل کی کمی کے باوجود اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مجھے دوبارہ موقع ملا تو انشاءاللہ صوبے میں اسی طرح سپورٹس انڈومنٹ فنڈ بناﺅں گا جس سے پاکستان میں کھیلوں کی دنیا میں انقلاب آجائے گا اور چند ہی برسوں میں پاکستان کا نام کھیلوں کے حوالے سے عالمی سطح پر تسلیم کیا جانے لگے گا۔
شہباز شریف