ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی صدر عابد حسن منٹو نے کہا ہے کہ جاگیرداری نظام مزدو ر کسانوں کے معاشی استحصال کا بڑا سبب ہے ،عوامی ورکرز پارٹی کی جدوجہد وطن عزیز سے جاگیرداری نظام کے خاتمہ ،1977ءکی زرعی اصلاحات پر عمل درآمد اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ہے، ان خیلات کا اظہار انہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر عوامی ورکرز پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے رکن بزرگ سیاسی رہنماءچوہدری فتح محمد ، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عاصم سجاد،نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجا ب کی جنرل سیکرٹری عالیہ امیر علی ،رانا محمد اعظم ایڈووکیٹ،نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری نیاز خان ،عوامی ورکر ز پارٹی کے ضلعی صدر محمد زبیراور ضلعی جنرل سیکرٹری طارق محمود بھی موجو دتھے ، عابد حسن منٹو نے کہاکہ الیکشن میں اخراجات کے حوالہ سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جون 2012ءمیں دیے گئے فیصلہ کی روشنی میں مرتب کیے گئے کوڈ آف کنڈکٹ پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے دسمبر 2012ءتک کوئی عمل درآمد نہ کیا جاسکا ، عوامی ورکرز پارٹی کی طرف سے دائر کردہ پٹیشن پر جاری کردہ سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل درآمد کے نتیجہ میں بڑے بڑے بل بورڈ ز اورہورڈنگز نہیں لگائے گئے اور نہ ہی گلیوں میں لاﺅڈ سپیکرلگائے گئے ،تاہم بڑی بڑی سیاسی پارٹیوں نے اربوں روپے کے انتخابی اشتہارات الیکٹرانک میڈیا پرجاری کیے ، جس کے خلاف عوامی ورکرز پارٹی اپنی زیر سماعت پٹیشن کے موقع پریہ بات سپریم کورٹ کے نوٹس میں لائے گی۔ انہوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد ماضی کی طرح اراکین پارلیمنٹ کو خریدنے کے لیے اربوں روپے کی ہارس ٹریڈنگ ہو گی ،مالیاتی اداروں سے اربوں روپے قرض لے کر کھا جانے والوں کا محاسبہ بھی ضروری ہے ، جس کے لیے اصول وضح کرنا ہو نگے۔
ہماری جدوجہد جاگیرداری نظام کے خاتمے کے لیے ہے: عابد حسن منٹو
ہماری جدوجہد جاگیرداری نظام کے خاتمے کے لیے ہے: عابد حسن منٹو
May 11, 2013