پنجاب میں تحریک انصاف، عوامی تحریک کے جلسوں، ریلیوں کی مانیٹرنگ

لاہور (معین اظہر سے) حکومت پنجاب نے تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے جلسوں اور ریلیوں کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام ڈویژنل کمشنروں اور ریجنل پولیس افسران کو پرفارمہ جاری کردیا ہے جس میںہر شہر میں نکلنے والی ریلیوں کی تفصیلی رپورٹ کل شام تک بھجوانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کرائسز سیل ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری پرفارمہ کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری کو بھجوائی گئی ہے۔ تمام اضلاع کی تفصیلی رپورٹ میں پوچھا گیا ہے کہ ریلی میں کتنے لوگ شامل تھے، انکو لیڈ کون کررہا تھا اور کتنے افراد ریلی میں اسلام آباد گئے۔ پولیس، سپیشل برانچ اور ڈسٹرک ایڈمنسٹریشن کو کل ہی تمام معلومات ہوم ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھجوانے کی ہدایات کی ہیں۔ پرفارمہ میں ہر ضلع میں پی ٹی آئی، پاکستان عوامی تحریک کی ہر ضلع کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔ ہدایت کی گئی ہے بتایا جائے ہر ضلع کے ہر حلقہ سے کون سے لوگ ریلیاں لے کر نکلے، ان ریلیوں کون سے قابل ذکر لوگ تھے کتنے لوگ ریلی لیکر اسلام آباد گئے اور کس طریقہ سے گئے۔ ضلعی پولیس افسران ، انتظامی افسران کو ہدایات دی گئی ہیں وہ یہ رپورٹ کل شام تک بھجوائیں گے۔ ریلی کے حوالے سے سپیشل برانچ کو مانیٹرنگ کرکے اپنی رپورٹ علیحدہ فراہم کردی گئی ہے۔ تاہم وزیر اعلی پنجاب نے تحریک منہاج القرآن کو دئیے جانیوالے فنڈز کی تفصیل بھی چیف سیکرٹری پنجاب کو اکٹھی کرکے دینے کی ہدایت کی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایات دی گئی ہیں منہاج القرآن کو پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن سے کتنے فنڈز فراہم کئے گئے تھے، انہوں نے یہ فنڈز کہاں خرچ کئے، اسکی تفصیل چیف سیکرٹری پنجاب وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائیں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کو یہ کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، تاہم ان ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے کوئی ایس او پی جاری نہیں کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن