لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے الزام عائد کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پاکستان میں کرکٹ تباہ کرنا چاہتی ہے جبکہ سیاسی مداخلت بھی کرکٹ کی تباہی کی ایک بڑی وجہ ہے۔کوئٹہ میں بلوچستان انٹر ڈسٹرکٹ انڈر نائنٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت اور آئی سی سی پاکستان کرکٹ کی تباہی کے ذے دار ہیں اور کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی پاکستان کرکٹ کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ پی سی بی بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے علاقوں میں بھی کھیل کے فروغ کے لیے کام کرے۔ سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ نااہل اور بدعنوان افراد کے سامنے آنے سے کرکٹ تباہ ہوئی، درست جگہ پردرست افراد کے نہ ہونے سے پاکستانی کرکٹ کو تنزلی کا سامنا ہے۔دونوں سابق کپتانوں نے کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ضرورت صرف انہیں سامنے لانے کی ہے۔گھر کے بھیدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کچا چٹھا کھول دیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق ڈائریکٹر جنرل پی سی بی جاوید میانداد نے کہا ہے کہ بورڈ میں کوئی کسی کی نہیں سنتا، ایسے لوگوں کے حوالے کرکٹ کا نظام کردیا گیا ہے جنہیں کھیل کی الف ب کا بھی پتہ نہیں۔پی سی بی میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔ پیسے کیلئے خواتین ٹیموں کے ٹرائلز میں مردوں کو کپڑے پہنا کر ٹرائلز لئے گئے۔سابق کپتان نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر کو روٹیشن پر لانے کا مطالبہ بھی کردیا۔انہوں نے پی سی بی کا کنٹرول کھلاڑیوں کے حوالے کرنے اور علاقائی ایسو سی ایشنوں کو مضبوط بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔