عمران بے رحم انسان، کنٹینر منگوا کر ججوں کو دباﺅ میں لانا چاہتے ہیں: سعد رفیق

May 11, 2015

لاہور (وقت نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ این اے 125 کے حوالے سے پارٹی قیادت نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا، دوبارہ الیکشن کرانے کامطالبہ پی ٹی آئی کا شوق پورا کرنے کیلئے کیا تھا۔ وقت نیوز کے پروگرام ”انسائیٹ ود سلیم بخاری“ میں میزبان سلیم بخاری کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا این اے 125 کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ تحریک انصاف کو ماننا ہوگا، میرے حلقے میں ایک بھی جعلی بیلٹ پیپر نہیں نکلا انتخابات میں ووٹرز کی کوتاہیوں کو ایشو بنا رہے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں 60 فیصد ووٹ ہمیں اور 40 فیصد پی ٹی آئی کو ملے ، انتخابات میں عمران خان کو شکست ہضم ہی نہیں ہو رہی۔ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کی سیڑھی استعمال کرنے کی کوشش کی، جمہوریت کی چلتی گاڑی عمران خان کو پسند نہیں، عدالت میں الزامات نہیں ثبوت لئے جاتے ہیں۔ لاہور میں دھرنا دینا ہے تو جوڈیشل کمشن بنانے کی کیا ضرورت تھی۔ عمران خان لاہور کنٹینر لا کر ججوں کو دباﺅ میں لانا چاہتے ہیں، عمران خان بے رحم انسان ہیں، انکو ضرورت سے زیادہ ڈھیل دی گئی ہے، بلدیاتی انتخابات میں ہماری جماعت کی کارکردگی اچھی ہوگی۔ عمران خان دھرنے میں ہمارا استعفیٰ لینے آئے اور اپنے استعفے دے گئے، اسمبلی کو جعلی کہنے والے اسی میں واپس آ گئے، کنٹینر سیاست کی نئی دھمکی پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کا تسلسل ہے۔ این اے 125 کی طرح 122 میں بھی عمران خان کوئی الزام ثابت نہ کر سکے۔ عمران خان کو عدالتی فیصلوں کا قبل از وقت علم کیسے ہو جاتا ہے، عمران کنٹینر سیاست کی دھمکیاں دینے کی بجائے عدالتی فیصلوں کا انتظار کریں۔
سعد رفیق

مزیدخبریں