لاہور + لوئر دیر (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے وہ خطے کے امن و استحکام کےلئے افغان طالبان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان مذاکرات کو کامیاب بنانے کےلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے، امریکہ اور اس کے ایجنٹ عالم اسلام میں خانہ جنگی چاہتے ہیں اور انہوں نے یمن، افغانستان، عراق میں مسلمانوں کو بہت نقصان پہنچایا۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ کےلئے ہر قسم کی قربانی دینے کےلئے تیار ہیں، ملک لوٹنے والوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔ پاکستانی عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے ہم ملک کو قرضوں اور بیروزگاری سے نجات دلادیں گے، لواری ٹنل کو مسئلہ کشمیر بنا دیا ہے اور دس برسوں سے دیر بالا اور چترال کے عوام ذہنی مریض بن گئے ہیں۔کاشغر کوریڈور بنایا جارہا ہے لیکن اس کا آسان ترین اور محفوظ ترین راستہ خنجراب گلگت ،چترال دیر سے حسن ابدال تک ہے، حکومت سے اپیل ہے اس راستے کے ذریعے ہی کوریڈور بنایا جائے۔ جماعت اسلامی کی پریس ریلیز کے مطابق وہ شباب ملی دیر بالا کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا پاکستان کے بازاروں اور گلی کوچوں میں گندگی کے ڈھیروں پر سے کاغذات چننے پر ہمارے بچوں کو مجبور کرنے والے ہی سیاستدان ہیں۔ ہمارے بچے ہوٹلوں پر گندے برتن دھوتے ہیں، ٹائر کے پنکچر لگاتے ہیں جبکہ ان کے اپنے بچے دنیا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ دنیا کے لوگ چاند اور ستاروں پر ریسرچ کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی بچے سیاستدانوں کی وجہ سے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے مقروض ہیں ۔سیاستدانوں کے گھوڑے مربے کھا رہے ہیں جبکہ ہمارے بچوں کے پاس قلم کتاب تک نہیں۔ اس ملک میں سب کچھ ہے لیکن دیانتدارقیادت نہیں۔ عوام دیانتدار قیادت کےلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ملک میں سیاست کے لات و منات کے بتوں کو توڑنے کا وقت آگیا ہے ملک کے وسائل لوٹنے کے ساتھ کرپٹ سیاستدانوں نے ڈاکٹر عافیہ اور رمز ی یوسف کو بھی فروخت کر دیا۔ انہوں نے کہا جندول کے لوگوں نے پی کے 95کے ضمنی انتخاب میں نہ صرف جماعت اسلامی کو کامیاب کرایا بلکہ سہ فریقی اتحاد کو شکست دی۔ اب پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ خواتین نے ووٹ نہیں ڈالا۔ خواتین کو کس نے روکا یہ کوئی بھی نہیں بتاتا ہم دعوے کے ساتھ کہتے ہیں خواتین کے ووٹ میں بھی ہم جیتیں گے کیونکہ اس ملک کی کروڑوں مائیں، بیٹیاں اور بہنیں جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔ آئی این پی کے مطابق سراج الحق نے کہا مرکزی حکومت عوام سے کئے وعدے پورے کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، عوام کے مسائل بڑھ رہے ہیں، سعد رفیق کیخلاف الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ سے مرکزی حکومت کی ساکھ کو نقصان ہوا، جوڈیشل کمشن کو جماعت اسلامی نے بھی اپنا مﺅقف پیش کیا جلد ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا، دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔
حکومت اشرف غنی، طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب بنانے کیلئے کردار ادا کرے: سراج الحق
May 11, 2015