لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ کو تکمیل کے مرحلے میں دیکھ کر میرا خون بڑھ گیا ہے۔ جوں جوں منصوبے کے افتتاح کے دن قریب آتے جارہے ہیں ، مخالفین کی آوازیں خاموش ہوتی جارہی ہیں۔ تنقید کرنے والے میٹرو بس پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد منہ چھپاتے پھریں گے اور لاہور کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے لاکھوں شہری بھی بہت جلد دنیا کے جدید ترین میٹرو بس سسٹم سے مستفید ہوں گے۔ وہ راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے اچانک پھر دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا اور میٹرو بس میں بیٹھ کر پورے روٹ کا جائزہ لیا اور مختلف سٹیشنوں پر اتر کر تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میٹروبس کی سہولت جلد سے جلد جڑواں شہروں کے عوام کو پیش کر دی جائے اور اس ضمن میں منصوبے کے زیرالتوا کاموں کی جلد سے جلد تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے کیونکہ عوام کی زندگیوں میں سہولتیں پیدا کرنا ہماری حکومت کا مشن ہے۔ منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے رفتار کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میں خود اس منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں نے منصوبے کی تعمیر کے دوران ہمت اور برداشت سے کام لیا اور صبر کے ساتھ پیش آنے والی عارضی مشکلات کا سامنا کیا جس پر میں تاجروں، طالب علموں، ملازمین اور تمام شہریوں کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں، میٹرو بس پراجیکٹ کے شاندار سفر کا آغاز لاہور سے کیا گیا تھا جو کامیابی سے جاری ہے اور بہت جلد جڑواں شہروں کے عوام کو میٹرو بس کا شاندار تحفہ ملنے والا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میٹرو بس پراجیکٹس شعبہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف راولپنڈی پہنچے اور انہوں نے بغیر پروٹوکول راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے پورے روٹ کا میٹرو بس پر بیٹھ کر معائنہ کیا اور مختلف سٹیشنز پر اتر کر تعمیراتی کامو ںکا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے 23 کلومیٹر طویل میٹرو روٹ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیرالتوا کاموں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے اور مقررکردہ ٹائم لائنز کی پابندی کی جائے تاکہ جتنی جلدی ہو سکے اس عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کیا جاسکے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب ہائوس اسلام آباد میں راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ اجلاس منعقد ہوا اور وزیراعلیٰ کو منصوبے کے ہر پیکیج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے زیرالتوا تعمیراتی کام فی الفور مکمل کئے جائیں اور میٹرو روٹ کے دونوں اطراف لینڈ سکیپنگ اور ہارٹی کلچر کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت آئندہ 3 برس میں 150 ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے دیہی علاقوں کی ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر اور بحال کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت 2018ء تک صوبے کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ عوام کا پیسہ عوام کی فلاح پر صرف کرنے کا شاندار منصوبہ ہے۔ منصوبے کے تحت پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ شروع کرکے وسائل کا رخ دیہی زندگی کو بہتر بنانے کی طرف موڑ دیا گیا ہے ملکی تاریخ کے دیہی معیشت کی بہتری کے اس تاریخی پروگرام کی کامیابی کیلئے جزا اور سزا کا نظام ضروری ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ میں ایک دھیلے کی کرپشن یا غیر معیاری کام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محنت، ایمانداری اور قومی جذبے سے اچھا کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی حوصلہ افزائی جبکہ غیر معیاری کام کرنے والوں کی بازپرس ہوگی۔کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ارفع کریم سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے دفتر میں قائم جدید ویڈیو کانفرنسنگ روم میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے ویڈیو لنک کے ذریعے مسلسل 6 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی سڑکوں کی کشادگی، تعمیر و مرمت اور نئی سڑکوں کی تعمیر کا تاریخی پیکیج دیا ہے۔’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پنجاب کی معاشی ترقی اور دیہی معیشت کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ دیہی معیشت میں انقلاب برپا کر دے گا، روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔پاکستان کی 68 سالہ تاریخ میں دیہی ترقی کا یہ سب سے بڑا پروگرام ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت بننے والی سڑکوں کے ساتھ شجرکاری کی جائے۔ اربوں روپے کی لاگت سے نئی بننے والی اور بحال ہونے والی دیہی سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری انتظامیہ کی ہے اور انہیں یہ ذمہ داری ہر صورت نبھانا ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ میں تعمیراتی سامان کی عدم دستیابی یا مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کی شکایت کے کمشنرز ذمہ دار ہوں گے۔تعمیراتی مٹیریل کی زائد نرخوں پر دستیابی اور ٹھیکیداروں کی مٹیریل کے حوالے سے دیگر شکایات کا آئندہ 24 گھنٹوں میں ازالہ کیا جائے۔ ٹھیکیداروں اور کنسلنٹنس کی جلد مشترکہ کانفرنس بلا کر ان کے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی مٹیریل کی چیکنگ کیلئے ڈویژن کی سطح پرلیبز کے قیام پر جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی ویڈیو کانفرنس میں آنے والی تجاویز کا جائزہ لے، انہو ںنے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد سے کسانوں اور کاشتکاروں کے بڑے مسائل حل ہوں گے اور انہیں اپنے اناج کو بروقت منڈی تک پہنچانے کی سہولت ملے گی۔ جس طرح میٹرو بس سروس منصوبے ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلاب لا رہے ہیں ، اسی طرح ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی علاقوں میں انقلاب برپا کر دے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے معروف سینئر اداکار عرفان کھوسٹ کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔