کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے وقت فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے نوجوان مقرر اور ایم کیو ایم کے کارکن وقاص شاہ کی والدہ گزشتہ روز اپنے بیٹے کی موت کے صدمے کے باعث انتقال کرگئیں، انہیں شام گئے عزیز آباد کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں فاروق ستار اور پارٹی کارکنوں کے علاوہ اہل خانہ نے شرکت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وقاص شاہ کی والدہ کو کھوکھراپار قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ وقاص شاہ کی والدہ فالج کی مریضہ تھیں۔ اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ وقاص شاہ کو سینکڑوں افراد کی موجودگی میں قتل کیا گیا لیکن ملزموں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا جو افسوسناک ہے۔