زرداری پر الزام بے بنیاد ہے، ذوالفقار مرزا کا دماغی علاج کرایا جائے: ارکان اسمبلی پی پی

May 11, 2015

 کراچی (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پارٹی کے خلاف سازش ہو رہی ہے، مختلف عناصر پارٹی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن ماضی کی طرح ناکام ہونگے، ذوالفقار مرزا کے معاملے کا حل سیاسی نہیں میڈیکل ہے، ان کا دماغ ٹھیک نہیں مرزا خاندان انہیں کو ہسپتال میں داخل کرائے، مغلظات کی سیاست ہم نے کی نہ تربیت ہے۔ ان خیالات کااظہاراتوار کو پی پی پی ایم این ایز نواب وسان، عمران ظفر لغاری، نعمان اسلام شیخ اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی احسان مزاری، منظور عباس اور فدا حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کے بعد پارٹی میں اگر کسی نے زیادہ قربانیاں دیں ہیں تو وہ آصف زرداری ہیں، ذوالفقار مرزا کے الزامات کو بے بنیاد و لغو قرار دیتے ہوئے رہنماﺅں نے کہا کہ ایک طرف ذوالفقار مرزا، شہید بی بی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنا لیڈر کہتے ہیں تو دوسری طرف آصف زرداری کے خلاف مغلظات بکتے ہیں۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری واحد شخص تھے۔ جنہوں نے پاکستان کھپے کا نعرا لگایا تھا۔ اس شخص کے خلاف را سے تعلق کے الزامات لگانا سورج پر تھوکنے کے مصداق ہے۔ رہنماﺅں نے پی پی پی ایم این اے فریال تالپور کے خلاف الزامات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ فریال تالپور ہماری بہن ہیں۔ ان کے خلاف الزامات لگانے والا کسی کا بھی نہیں ہوسکتا۔ ذوالفقار مرزا اپنے ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں۔ اسلحہ وطاقت کی زور پر دکانیں بند کروانے سے کس طرح بدین کے عوام کی خدمت ہوسکتی ہے۔ پنگریو شوگر ملز بدین کے غریب کاشتکاروں اور کسانوں کے 32کروڑ پچاس لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔ مرزا کو سب سے پہلے وہ رقم ان غریب کاشتکاروں اور کسانوں کو ادا کرنی چاہئے۔ رہنماﺅں نے مرزا خاندان کو مشورہ دیاکہ وہ ذوالفقار مرزا کے دماغی توازن کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دلوائیں اور ماہر امراض دماغ سے مستقل علاج کروائیں یہ بہکی بہکی باتیں اپنے ہی خاندان کیلئے نہ کرنا شروع کردے۔
ارکان اسمبلی پی پی

مزیدخبریں