ماڈل ایان کو جیل میں فریج سمیت دیگر سہولتیں دستیاب، پیشی پر بنائو سنگھار کا ڈیڑھ لاکھ خرچ

May 11, 2015

اسلام آباد (آن لائن) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار خوبرو ماڈل ایان علی نے عدالت میں پیشی پر جانے کی تیاری کے لئے ایک لاکھ 69 ہزار روپے خرچ کر ڈالے۔ میک اپ پر 45 ہزار روپے ، بوتیک کے سوٹ پر 52 ہزار روپے خرچ کئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایان علی اپنی ڈائری پر رقمطراز ہیں کہ جیل کی زندگی اتنی بھی مشکل نہیں جتنی آج تک سمجھتی رہی ہوں ۔ جیل سے باہر ہزاروں نظروں کا سامنا جبکہ جیل میں سوائے تبدیل ہونے والے روزمرہ کے اہلکاروں کے باقی سب کچھ ویسے کا ویسا ہے تا ہم جیل سے نکل کر پیشی پر جانا اور اس کے لئے تیاریاں کرنا انتہائی مشکل اور صبح سویرے خواہش کے برعکس جلد اٹھ جانا، صبح صبح میک اپ آرٹسٹ کی خدمات حاصل کرنا ، بوتیک سے آئے رنگ برنگے ملبوسات سے یکسر مختلف جوڑے کا انتخاب بڑا ہی صبر آزما کام ہے بالوں کے سٹائل پر ہی 40 سے 45 منٹ لگ جاتے ہیں اب تو جیل اہلکاروں کو میرے بالوں کے سٹا ئل میں مدد دینے والے آلات کے نام بھی کچھ کچھ یاد ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈل ایان علی جب پیشی پر گئی تھیں تو انہوں نے فرانس کی کمپنی کا بنا ہوا پرفیوم لگایا تو جیل کے درو دیوار اس سے مہک گئے۔ ذرائع کے مطابق ماڈل ایان علی کو جیل میں بھی سہولتیں میسر آرہی ہیں، ناشتہ اور کھانا باہر سے آرہا جبکہ ملزمہ نے اپنے استعمال کے لئے فرج بھی منگوا لیا ہے تا ہم ایان علی کے بھائی ذوالفقار اور ان کے وکیل کئی روز سے ملنے نہیں آئے، جس سے انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔ دریں اثنا ایان علی کیخلاف ملکی تاریخ کے پہلے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت پرسوں (بدھ کو) منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء کے تحت سپیشل جج کسٹم کے روبرو ہوگی۔

مزیدخبریں